برطانوی فارمولا ای ڈرائیور ٹیلر برنارڈ پری سیزن ٹیسٹنگ کے دوران خوفناک حادثے کا شکار ہوگئے جس کے نتیجے میں ان کی گاڑی زوردار دھماکے تباہ ہوگئی۔ تاہم، خوش قسمتی سے ڈرائیور محفوظ رہے۔
22 سالہ ٹیلر برنارڈ 2027 کے سیزن کی تیاریوں کے سلسلے میں اسپین کے جاراما سرکٹ میں ٹیم فیوژن کی جانب سے ٹیسٹنگ میں حصہ لے رہے تھے۔ نئے سیزن میں فارمولا ای کی نئی جنریشن کی مکمل الیکٹرک گاڑیاں (جنہیں جین 4 کہا جاتا ہے) متعارف کرائی جائیں گی۔
جمعے کے ٹیسٹنگ سیشن کے اختتام سے کچھ دیر قبل برنارڈ کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ وہ اپنی مدد آپ کے تحت گاڑی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ البتہ، کچھ ہی لمحوں بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور اس سے شعلے بلند ہونے لگے۔
حادثے کے بعد سرکٹ پر دھوئیں کے بڑے بادل آسمان کی جانب بلند ہوتے دکھائی دیے جس پر فوری طور پر سیفٹی کار تعینات کردی گئی۔ ریس مارشلز نے سرخ جھنڈا لہرا کر ٹیسٹنگ روک دی اور دیگر ڈرائیورز کو سرکٹ کے مخالف سمت سے پٹ لین میں جانے کی ہدایت کی۔
فارمولا ای اور انٹرنیشنل آٹوموبائل فیڈریشن (FIA) نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ بیان کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں کوئی حتمی وضاحت سامنے نہیں آئی جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی پورشے کسٹمر کار میں آگ بھڑکنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔