بھارت: 17 سالہ لڑکی فیئرنس کریم استعمال کرنے سے سنگین مرض میں مبتلا

پولیس نے کریم تیار کرنے والے برانڈ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا


ویب ڈیسک November 24, 2026

بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں 17 سالہ لڑکی کے مبینہ طور پر فیئرنس کریم استعمال کرنے سے گردوں کے سنگین مرض میں مبتلا ہونے کے بعد پولیس نے کریم تیار کرنے والے برانڈ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

لڑکی کے معالج کے مطابق کریم میں مبینہ طور پر زہریلی مقدار میں پارہ (مرکری) موجود تھا جس کے باعث لڑکی کے گردے خون کو صاف کرنے کی صلاحیت متاثر ہونے کے مرض میں مبتلا ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق لڑکی نے سوشل میڈیا پر اشتہار دیکھنے کے بعد چہرے کے دانوں اور جلد کی رنگت کے دھبوں سے نجات کے لیے یہ کریم خریدی تھی۔ متاثرہ لڑکی کی شناخت اس کی نجی زندگی کے تحفظ کے لیے ظاہر نہیں کی گئی۔

اسٹر ایم آئی ایم ایس مدر ہاسپٹل کے مطابق لیبارٹری ٹیسٹ میں کریم کے اندر پارے کی مقدار 12500 پارٹس پر ملین (پی پی ایم) پائی گئی جبکہ جِلد گوری کرنے والی مصنوعات میں اس کی قابلِ اجازت حد ایک پی پی ایم سے بھی کم ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بعض غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ فیئرنس کریمز میں پارے اور سیسے جیسی زہریلی دھاتیں شامل ہوسکتی ہیں جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں۔

ماہرین کے مطابق بعض برانڈز واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی مصنوعات فروخت کرتے ہیں جس کے باعث وہ حکومتی نگرانی اور جانچ پڑتال سے بچ نکلتے ہیں۔

واقعے نے بھارت میں جِلد گوری کرنے والی غیر معیاری مصنوعات کی فروخت اور ان کے ممکنہ مضر اثرات پر ایک بار پھر تشویش پیدا کردی ہے۔