امریکا نے این ویڈیا کے جدید اے آئی چپس چین منتقل کرنے کے الزامات پر سنگاپور کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی میگا اسپیڈ کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد کمپنی امریکا میں اشیا کی خرید و فروخت نہیں کرسکے گی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمہ تجارت نے میگاسپیڈ لمیٹڈ کو ان اداروں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جن پر امریکا میں کاروباری پابندیاں عائد ہیں۔ تاہم پابندی کے نفاذ کی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
امریکی حکام کو شبہ ہے کہ میگا اسپیڈ نے برآمدی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے این ویڈیا کے جدید کمپیوٹر چپس چینی کمپنیوں تک پہنچانے میں مدد کی۔ امریکی محکمہ تجارت کے مطابق اس کمپنی کے خلاف تقریباً دو سال سے تحقیقات جاری تھیں۔
میگا اسپیڈ گزشتہ ماہ اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنی جب اس کی سابق ایگزیکٹو ایلس ہوانگ پر چین کے لیے جاسوسی کرنے کے الزامات سامنے آئے۔
میڈیا رپورٹس میں ان کے این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے ساتھ قریبی تعلقات کا بھی دعویٰ کیا گیا، جس کے بعد امریکی حکام کی تشویش میں اضافہ ہوا۔ ایلس ہوانگ اور جینسن ہوانگ کے درمیان کوئی خاندانی تعلق نہیں ہے۔
چین نے جاسوسی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس معاملے کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر پابندیوں کا جواز نہ بنائے۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور میں قائم میگاسپیڈ کے چین میں بھی بڑے کاروباری مفادات ہیں اور چینی آن لائن کمپنی علی بابا اس کی سب سے بڑی صارف ہے۔
کمپنی این ویڈیا کے اربوں ڈالر مالیت کے کمپیوٹر چپس خریدتی رہی ہے، جبکہ اس کی ذیلی کمپنی اسپیڈ میٹرکس کو بھی امریکی محکمہ تجارت کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے 2022 سے چین کو جدید اے آئی چپس کی فروخت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔