واشنگٹن:
امریکا میں کالعدم داعش کی حمایت اور اس کی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں معاونت کے الزامات ثابت ہونے پر 30 سالہ امریکی شہری انس سعد کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی، جبکہ عدالت نے رہائی کے بعد بھی تاحیات نگرانی میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق انس سعد نے داعش کے حق میں ویڈیوز اور پوسٹرز تیار کرنے اور انہیں سوشل میڈیا پر پھیلا کر تنظیم کا پروپیگنڈا کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ٹیلی گرام پر داعش کے حامیوں سے رابطے میں تھا اور ان سے مشاورت بھی کرتا رہا۔ اس نے اپنی تیار کردہ ویڈیوز داعش سے منسلک ایک میڈیا ادارے کو بھی ارسال کی تھیں۔
امریکی حکام کے مطابق انس سعد نے ایف بی آئی سے ہتھیاروں سے متعلق معلومات چھپانے اور تفتیشی ادارے سے جھوٹ بولنے کا بھی اعتراف کیا۔
عدالت نے داعش کی حمایت اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کو گمراہ کرنے کے جرائم میں اسے 15 سال قید کی سزا سنائی ہے، جبکہ رہائی کے بعد اس کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں پر تاحیات نگرانی بھی کی جائے گی۔