محمد ذیشان علی نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب، خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی کے طور پر منتخب

پاکستانی خلاباز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں گزارنے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے


ویب ڈیسک November 24, 2026

پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے، پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن ’شین ژو 24‘ کے تحت آج خلا کے سفر پر روانہ ہوں گے جہاں وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہوں گے۔

چینی خلائی ایجنسی کے مطابق خلائی جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔ یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں جاری تعاون کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اسپارکو کے مطابق محمد ذیشان علی اس مشن میں سائنسی ماہر کی حیثیت سے حصہ لیں گے اور خلائی اسٹیشن پر مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ یہ مشن اسپارکو اور چین کی خلائی ایجنسی کے مشترکہ تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی خلاباز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں گزارنے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔ ان کا انتخاب پاکستان کے خلائی پروگرام اور پاک چین سائنسی تعاون کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

پاکستانی خلا باز کی میڈیا سے گفتگو

روانگی سے قبل چینی خلا بازوں کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ یہ نہ صرف میرے بلکہ میرے ملک پاکستان کیلئے اعزاز ہے، خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے بہترین تربیت فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ چینی عملے کے ساتھ دوستی اور پیشہ ورانہ تعلقات قائم ہوئے ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے۔

محمد ذیشان علی نے کہا کہ امید ہے کہ یہ مشن آخری نہیں بلکہ مزید مشترکہ مشن بھی ہوں گے، چین پاکستان کے تعلقات اور دوستی کو مستقبل میں بڑھتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔

پاکستانی خلا باز نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مشن میں ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جارہا ہے، وزیراعظم نے کہاکہ پورے پاکستان کی نمائندگی اور فخرتمہارے سر ہے، اپنے چاہنے والوں اور معاونین کا ممنون و مشکور ہوں۔

پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا پروفائل

  • محمد ذیشان علی 22 اگست 1986 کو سرگودھا میں پیدا ہوئے۔
  • محمد ذیشان علی نے ایرو سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وار اسٹڈیز میں تعلیمی قابلیت حاصل کی ہے۔
  • محمد ذیشان علی کا تعلیمی پس منظر ہوا بازی، تکنیکی علوم، اسٹریٹجک اسٹڈیزاورعسکری مہارتوں کا احاطہ کرتا ہے۔
  • محمد ذیشان علی شادی شدہ ہیں اور ان کی 3 بیٹیاں ہیں۔
  • محمد ذیشان علی نے ایک سال کی سخت خلائی ٹریننگ کو 7 ماہ کے قلیل عرصہ میں پایہِ تکمیل تک پہنچایا۔
  • محمد ذیشان علی تمام تر خلائی تقاضے پورے ہونے کے بعد خلا میں جانے کے لیے تیار ہیں۔
  • محمد ذیشان علی خلائی مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔