شائقین کا مطالبہ تسلیم، نیشنل اسٹیڈیم ورلڈ کلاس وینیو بنے گا

جلد فیز ٹو کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد اسٹیڈیم ورلڈ کلاس وینیو کا روپ دھار لے گا


سلیم خالق November 24, 2026

کراچی کے کرکٹ شائقین کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کر لیا گیا، نیشنل بینک اسٹیڈیم ورلڈ کلاس وینیو بنے گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں انٹرنیشنل یا پی ایس ایل میچز کے دوران بھی اکثر اسٹیڈیم خالی ہی نظر آتا ہے، اسی لیے کم میچز کی میزبانی کا موقع ملتا ہے، شائقین یہی کہتے ہیں کہ بڑے بڑے جنگلوں کی موجودگی میں میچ کا مزا کرکرا ہو جاتا ہے، نشستیں بھی بہتر نہیں ہیں، جب تک سہولتیں نہیں ملیں گی کون پیسے خرچ کر کے میچ دیکھنے آئے گا؟

پی سی بی نے یہ دیرینہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے پہلے اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا، اس میں ایک نئے 5 منزلہ پویلین کی تعمیر، 24 ہاسپیٹیلٹی باکسز، اپ گریڈڈ ڈریسنگ رومز، نئی ایل ای ڈی فلڈ لائٹس، ڈیجیٹل اسکرینز و دیگر بھی شامل تھیں۔

اب جلد ہی فیز ٹو کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد اسٹیڈیم ورلڈ کلاس وینیو کا روپ دھار لے گا جہاں شائقین کو میچ دیکھنے کا بہترین موقع ملے گا۔

پی سی بی کے سالانہ بجٹ میں 6 ارب 70 کروڑ 20 لاکھ (6702 ملین) روپے طویل المدتی یا فکسڈ اثاثے خریدنے، بنانے یا ان کی مرمت اور بہتری پر خرچ کرنے کے لیے رکھے گئے ہیں۔

مذکورہ کیپکس بجٹ میں انفرااسٹرکچر کا حصہ 5686 ملین روپے کا ہے، ان میں سے 5 ارب 6 کروڑ 20 لاکھ( 5062 ملین) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تعمیراتی کام کے فیز ٹو کے لیے مختص ہیں جبکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کی اپ گریڈیشن پر624 ملین لگیں گے۔

منصوبے کے تحت جنگلے ہٹا کر خندق کھود کر جال بچھا دیے جائیں گے تاکہ دوران میچ کوئی شائق اسٹیڈیم میں نہ جا سکے، اس سے میچ کا بالکل کلیئر ویو ہو گا۔

اسی طرح تمام انکلوژرز کے اسٹینڈز کو بھی توڑ کر نیا بنایا جا رہا ہے، منصوبے کی تکمیل پر نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کا تجربہ یکسر تبدیل ہو جائے گا، اس سے روٹھے شائقین کو دوبارہ اسٹیڈیم لانے میں بھی مدد ملے گی۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ برس ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آغاز سے قبل تعمیراتی کام مکمل ہو جائے گا، البتہ ابھی اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، انحصار کام کی رفتار پر ہو گا، اسٹیڈیم کی چھت کا کام بعد میں کیا جائے گا۔