امریکا نے شمالی کوریا سے منسلک ہیکرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے چوری شدہ کرپٹو اثاثے منجمد کرادیے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی بلاک چین ریکارڈ اور کرپٹو کمپنی سرکل کے تعاون سے کی گئی۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق حکام نے بلاک چین پر موجود لین دین کے ریکارڈ کا سراغ لگا کر چوری شدہ ڈیجیٹل کرنسی کی نشاندہی کی اور اسے مختلف ذرائع سے منتقل کیے جانے کی کوشش ناکام بنادی۔
رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے گزشتہ ماہ کرپٹو ایکسچینج بائنانس سے 6 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی چوری کی تھی۔ چوری شدہ اثاثوں کو مختلف ذرائع سے منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم امریکی حکام نے بلاک چین ریکارڈ کی مدد سے ان کا سراغ لگالیا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 2 ارب 90 کروڑ ڈالر مالیت کے چوری شدہ کرپٹو اثاثوں کو روکنے یا واپس حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی جاچکی ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ انصاف نے منجمد کیے گئے اثاثوں کو مستقل طور پر ضبط کرنے کے لیے وفاقی عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔