ویتنام کے دارالحکومت میں گیس دھماکا، 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی

زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے


ویب ڈیسک November 24, 2026

ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے گنجان آباد علاقے ڈونگ دا میں کھانا پکانے والی گیس کے مبینہ دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکا 24 نومبر کی صبح تقریباً 8 بجے ایک کھانے پینے کی دکان میں ہوا، جس کی شدت سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ قریبی مکانات کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ 

دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امدادی ٹیموں، فائر فائٹرز اور پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملبے تلے دبے افراد کی تلاش شروع کردی۔

زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام نے متاثرہ عمارت کے آس پاس رہنے والے شہریوں کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت منتقل کردیا ہے۔