آنکھ کیوں پھڑکتی ہے؟ وجوہات اور بچاؤ کے طریقے جانیے

مناسب مقدار میں پانی پئیں اور آنکھوں میں مسلسل خشکی یا جلن کی صورت میں ماہر امراض چشم سے رجوع کریں۔


ویب ڈیسک November 24, 2026

آنکھ کا اچانک پھڑکنا ایک عام مسئلہ ہے جس کا سامنا اکثر افراد کو ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ کیفیت عموماً بے ضرر اور عارضی ہوتی ہے، تاہم مسلسل آنکھ پھڑکنے کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

طبی اصطلاح میں پلکوں کے پٹھوں کی غیر ارادی حرکت کو ’آئی لِڈ مایوکیمیا‘ کہا جاتا ہے، جو عموماً ایک آنکھ کی نچلی پلک کو متاثر کرتی ہے۔

آنکھ پھڑکنے کی عام وجوہات

اپولو ایڈلکس اسپتال کے شعبہ امراض چشم سے وابستہ ڈاکٹر سبھا کورین کا کہنا ہے کہ آنکھ پھڑکنے کی عام وجوہات میں درج ذیل عوامل شامل ہیں۔

  • نیند کی کمی اور جسمانی تھکن
  • ذہنی دباؤ
  • موبائل اور کمپیوٹر اسکرین کا زیادہ استعمال
  • چائے اور کافی کا ضرورت سے زیادہ استعمال
  • آنکھوں میں خشکی اور جلن

آنکھ پھڑکنے سے بچنے کے 5 آسان طریقے

نیند پوری کریں: روزانہ مناسب نیند لیں اور سونے اور جاگنے کے اوقات مقرر کریں۔

اسکرین سے وقفہ لیں: ہر 20 منٹ بعد 20 سیکنڈ کے لیے 20 فٹ دور موجود کسی چیز کو دیکھیں۔ اس سے آنکھوں کی تھکن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

کیفین کا استعمال کم کریں: چائے، کافی اور دیگر کیفین والے مشروبات کے ضرورت سے زیادہ استعمال سے گریز کریں۔

ذہنی دباؤ کم کریں: باقاعدگی سے ورزش اور ذہنی سکون فراہم کرنے والی سرگرمیوں کو معمول بنائیں۔

آنکھوں کی خشکی دور کریں: مناسب مقدار میں پانی پئیں اور آنکھوں میں مسلسل خشکی یا جلن کی صورت میں ماہر امراض چشم سے رجوع کریں۔

نوٹ: آنکھ پھڑکنا کب تشویش ناک ہو سکتا ہے؟

ماہرین کے مطابق اگر آنکھ کئی ہفتوں تک مسلسل پھڑکتی رہے، پلک مکمل طور پر بند ہونے لگے یا پھڑکنے کی کیفیت چہرے کے دیگر حصوں تک پھیل جائے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔

اس کے علاوہ پلک لٹکنے، آنکھ میں سوجن، سرخی، غیر معمولی رطوبت یا بینائی میں تبدیلی جیسی علامات کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔