لاہور:
لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز تھری خیابانِ جناح روڈ پر کار اور موٹر سائیکل کے درمیان حادثے میں زخمی ہونے والا نوجوان تین روز تک زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا، جبکہ اس کا دوسرا بھائی تاحال زیر علاج ہے۔
حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس کے مطابق کار کا ٹائر اچانک پھٹنے سے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور موٹر سائیکل سوار دو بھائی گاڑی کی زد میں آگئے۔
حادثے میں 28 سالہ عامر حمزہ جاں بحق ہوگیا جبکہ 35 سالہ سلیم جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے۔
ڈی ایس پی ٹریفک اشفاق احمد کے مطابق حادثے میں ملوث کار رضا الٰہی چلا رہا تھا جسے ٹریفک پولیس نے موقع سے گرفتار کرکے ڈیفنس اے پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے اور واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔