مولانا کو بغیر نوٹس کے محصور کیا گیا، عدالتیں حقوق نہیں دیں گی تو کون دے گا، کامران مرتضیٰ

مولانا فضل الرحمان اور غفور حیدری کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی،پولیس نے ان کے گھر کا گھیراؤ کر لیا


محمد ہارون November 24, 2026

آل پارٹیز کانفرنس خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ  نے کہا کہ  مولانا فضل الرحمان اور مولانا غفور حیدری کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کی یہ ایک اچھی کاوش ہے، آج ہم دو ایجنڈوں پر اکٹھے ہوئے ہیں، یہ درخواست کروں گا تمام پارٹیوں کو پھر اکھٹا ہونا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے بھی یہاں آنا تھا، مولانا فضل الرحمان اور مولانا غفور حیدری کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی، پولیس نے مولانا فضل الرحمان کے گھر کا گھیراؤ کر لیا، ہم اکھٹے لاہور آئیے تھے لیکن مجھے وکیل ہونے کا فائدہ مل گیا۔

کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا ہے،  ہم نے مولانا فضل الرحمان کی ہاؤس اریسٹ کے خلاف درخواست دائر کردی ہے۔

جے یو آئی رہنما نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ جو ہوا بغیر کسی نوٹس کے کیا گیا، عدالتیں بنیادی حقوق پر عمل درآمد نہیں کروائے گی تو کون کروائیے  گا، اگر کسی کی آزادی کو بغیر نوٹس روک دیا جائے تو ہائیکورٹس کچھ نہیں کر سکتی، ہائی کورٹس کے اختیارات ہی کم کر دیے گئے ہیں۔