بنگلا دیشی اسپیکر اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلا دیشی ہم منصب اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا


ویب ڈیسک November 24, 2026

اسلام آباد:

بنگلا دیش کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، وہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

اسلام آباد آمد پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلا دیشی ہم منصب اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر پاک۔بنگلا دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بنگلا دیشی اسپیکر کا دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات میں تاریخی سنگ میل ہے، بنگلا دیش کے کسی اسپیکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک مشترکہ تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں، پارلیمانی روابط کا فروغ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکیں گے، اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ باہمی تعاون کے نئے باب کا آغاز ہے۔

بنگلا دیشی اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پرتپاک استقبال پر سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے، پاکستان آمد پر ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روابط دونوں برادر اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی تعاون سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ بنگلا دیشی اسپیکر نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔