امریکا میں ایک غیر معروف گیمر کی قسمت اس وقت بدل گئی جب اسے مشہور ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6‘ کھیلنے کیلئے سالانہ ایک لاکھ ڈالر سے زائد تنخواہ کی نوکری مل گئی۔
بلومبرگ کے مطابق امریکی کمپنی کالشی نے اس منفرد ملازمت کیلئے 35 ہزار سے زائد امیدواروں میں سے کیلیفورنیا کے 36 سالہ گیمر کلف سیویج کا انتخاب کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جب کلف کو ملازمت ملنے کی اطلاع دی گئی تو ان کی لائیو اسٹریم صرف 28 افراد دیکھ رہے تھے۔ خوشخبری سنتے ہی وہ فرطِ جذبات میں زمین پر گر گئے۔
کلف اس سے قبل ویڈیو گیمز کی لائیو اسٹریمنگ کے ساتھ مختلف عارضی ملازمتیں بھی کرتے تھے۔
ان کی نئی ذمہ داریوں میں ’جی ٹی اے 6‘ کھیلنا، گیم کی کہانی مکمل کرنا اور اس کی ورچوئل معیشت سے متعلق تحقیقی رپورٹس تیار کرنا شامل ہے۔
ملازمت ملنے کے بعد ان کی پہلی لائیو اسٹریم کو تقریباً 2 ہزار ویوز ملے، جبکہ انسٹاگرام فالوورز کی تعداد بھی بڑھ کر تقریباً 21 ہزار ہو گئی۔