ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک میں آبادی بڑھانے کے لیے نوجوانوں کو جلد شادیاں کرنے اور زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے اسے ملکی طاقت اور ترقی کے لیے اہم قرار دے دیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ بات آبادی میں اضافے سے متعلق چوتھی قومی تقریب کے نام اپنے پیغام میں کہی۔
انھوں نے کہا کہ کم عمری میں شادیوں کو آسان بنانے، بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی، انفرادی صحت بہتر بنانے اور خاندانی اقدار کو فروغ دینے کے لیے جامع اقدامات ضروری ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے حکام پر زور دیا کہ نوجوانوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو آبادی میں اضافے کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے اور خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بنیادی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایران کی مستقبل کی آبادی میں اضافہ سائنسی، ثقافتی، معاشی اور سماجی ترقی کے نئے امکانات پیدا کرسکتا ہے جبکہ دشمنوں کی دھمکیوں اور عزائم کا مقابلہ کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی یہ اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایران میں شرح پیدائش مسلسل کم ہورہی ہے۔
ایران وائر کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2026 میں ختم ہونے والے ایرانی سال کے دوران شرح پیدائش فی خاتون صرف 1.34 بچوں تک پہنچ گئی جبکہ آبادی برقرار رکھنے کے لیے یہ شرح تقریباً 2.1 ہونی چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق 2010 میں ایران میں تقریباً 8 لاکھ 90 ہزار شادیاں رجسٹرڈ ہوئی تھیں جن کی تعداد کم ہوکر 2026 میں تقریباً 4 لاکھ 31 ہزار رہ گئی۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں سابق آبادی پالیسیوں کی خامیوں کو دور کرنے اور نئی نسل کی تعداد بڑھانے کو قومی ترجیح بنانے پر بھی زور دیا۔