جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جب عوام کے مسائل حل نہیں ہوں، حقوق، بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل فراہم نہیں کیے جائیں گے تو نئے انتظامی یونٹس کی بات ضرور ہوگی۔
ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے عوامی دباؤ اور اجتماعی جدوجہد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 29نومبر کو مینار پاکستان لاہور، 12دسمبر کو پشاور اور 20 دسمبر کو کراچی میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیے جائیں گے، جب عوام کے مسائل حل، حقوق، بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل فراہم نہیں کیے جائیں گے تو نئے انتظامی یونٹس کی بات ضرور ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر صوبوں میں عوام کو ان کے حقوق اور اختیارات فراہم کیے جائیں تو نئے صوبوں کے مطالبات کی ضرورت ہی کیوں پیش آئے، بلاول بھٹو زرداری کا نئے صوبوں کے مطالبے پر خون کی ندیاں بہنے کا کہنا کسی بھی قومی سطح کے سیاسی رہنما کے شایان شان نہیں، انہیں دھمکیوں کے بجائے دلیل، آئین اور جمہوری اصولوں کے مطابق بات کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے بیانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ عوام میں بے چینی بڑھے گی، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو 18 سال کے دوران این ایف سی ایوارڈ، وفاقی گرانٹس اور رائلٹی کی مد میں تقریباً 40 ہزار ارب روپے ملے، اس کے علاوہ عالمی مالیاتی اداروں سے بھی 1600 ارب روپے حاصل کیے گئے، پیپلزپارٹی بتائے کہ اتنے بھاری وسائل کہاں خرچ ہوئے، آج پورا سندھ بدحالی کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر تعمیر کیے گئے ہیں اور 21 لاکھ گھر بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، کراچی کے علاوہ پورے سندھ میں تقریباً 42 لاکھ رہائشی یونٹس ہیں، تو کیا پورے صوبے کے 21لاکھ گھر سیلاب میں تباہ ہوگئے تھے، حکومت اپنے دعوؤں کی وضاحت کرے اور عوام کو حقائق سے آگاہ کرے، گزشتہ 18 سال کے دوران کراچی کے ترقیاتی کاموں کے لیے مختلف فنڈز، سیس اور او زیڈ ٹی کی مد میں 4 ہزار 32 ارب روپے ملے، پیپلز پارٹی اس کا حساب دے کہ یہ رقم کہاں خرچ کی گئی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہر میں کوئی بڑا منصوبہ مکمل نہیں ہو رہا، انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے اور کراچی کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے، شہریوں کو روزگار نہیں دیا جارہا، ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں کیے جا رہے اور تعلیم سمیت بنیادی سہولیات کا نظام بھی متاثر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے، جب عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا تو پیٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کردی گئی لیکن جب عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوئیں تو حکومت اپنی رٹ قائم نہ کرسکی اور کمی کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جدو جہد سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ لیوی کا خاتمہ اور قیمت 225روپے کی جائے، حکومتی ریلیف پیکیج کے تحت پیٹرول کی قیمت 219 پڑ رہی ہے، ہمارا مطالبہ تھا کہ 1300سی سی کی گاڑیوں کو بھی ریلیف میں شامل کیا جائے، حکومت 1000سی سی کی گاڑیوں کو ریلیف دے رہی ہے، 12.5ایکٹرزمین کے مالک کو بھی ٹریکٹر میں ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گورننس کے معاملات میں ناکام دکھائی دیتی ہے، کرپشن کے حوالے سے جاری تفصیلات میں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں دس کرپٹ ترین اداروں میں سرفہرست آئی ہیں اور ایف بی آر دوسرے نمبر پر ہے، سرکاری اداروں میں کرپشن کا مقابلہ جاری ہے، حکومت کہتی ہے کہ ترقیاتی کاموں کے لیے پیسے نہیں، ہمارا کہنا ہے کہ اگر کرپشن ختم کردی جائے تو وسائل کی کمی کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گنے کا شدید بحران ہے، کسانوں کو مناسب معاوضہ نہیں مل رہا، گنے کا ریٹ تقریباً 375 روپے مقرر کرکے کسانوں کا استحصال کیا جارہا ہے جبکہ کاشت کار 700 روپے کا مطالبہ کررہے ہیں، کسان معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور شوگر مل مافیا فائدہ اٹھا رہا ہے، جس میں شریف، ترین اور زرداری خاندان شامل ہیں، خیبر پختونخوا میں آٹے کا بحران ہے جبکہ کراچی میں گندم کی قیمت تقریباً 6 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب میں بھی آٹے اور چینی کے بحران نے عوام اور کسانوں کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے مل کر کراچی کے عوام کو نظرانداز کیا ہے، گزشتہ عام انتخابات میں ایم کیو ایم کراچی میں ایک پولنگ اسٹیشن بھی نہیں جیتی لیکن اسے اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے درجنوں نشستیں دے دی گئیں، اسی طرح پیپلز پارٹی کو بھی 7 نشستیں عطا کی گئیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس وقت لاکھوں فلسطینی شدید سردی میں بے گھر ہیں، غزہ کا 95 فیصد سے زائد علاقہ تباہ ہوچکا ہے اور ہزاروں لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، یہ انسانی تاریخ کا بہت بڑا المیہ ہے، جسے روکنے میں عالمی طاقتیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں، اسرائیل معاہدے کے بعد بھی ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے، اسے امریکا کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے اور مسلسل مالی امداد اور اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی جمہوریت اس وقت کہاں چلی جاتی ہے جب وہ اقوام متحدہ میں 95 فیصد سے زائد ممالک کی حمایت کے باوجود قرارداد کو ویٹو کردیتا ہے، تمام مسلم ممالک بالخصوص پاکستان کو فلسطین کے مسئلے پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، دفاعی معاہدے تو ہم اپنے باہمی معاملات میں استعمال کرتے ہیں لیکن جب مسلمانوں کی نسل کشی ہورہی ہو تو اسے اپنے دائرہ کار سے نکال دیتے ہیں، بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے بھی مشترکہ معاہدہ اور عملی اقدامات ہونے چاہیے۔