سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار تین پاکستانی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا جبکہ تینوں کی شناخت بھی ظاہر کردی گئی۔
سعودی میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ کے علاقے میں ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سزا پانے والے تین پاکستانی شہریوں کو منگل 24 نومبر کو سزائے موت دیدی گئی۔
سعودی وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سزا پانے والوں میں عظمت علی محمد علی، نسیم دلاور خان اور نیاز محمد دوست محمد شامل ہیں۔
ان تینوں پاکستانیوں کو سعودی عرب میں ہیروئن اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جوکہ مملکت میں ایک سنگین جرم ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد مقدمہ متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جرم ثابت ہونے پر تینوں کو موت کی سزا سنائی گئی۔
ملزمان کو تمام قانونی سہولت فراہم کی گئی اور انھوں نے فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائر کی تھی تاہم سپریم کورٹ نے بھی سزا برقرار رکھی۔
بعدازاں شاہی فرمان کے ذریعے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی اور مکہ مکرمہ میں تینوں پاکستانی شہریوں کی سزائے موت نافذ کردی گئی۔
بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ سزائے موت پر عمل درآمد کس طریقے سے کیا گیا۔ عمومی طور پر سعودی عرب میں سرقلم کیا جاتا ہے تاہم کچھ کیسز میں پھانسی بھی دی جاتی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھنے اور منشیات کی اسمگلنگ و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزائیں نافذ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔