بیوی بچوں سے ملنے کے لیے ایل او سی عبور کرنے کی کوشش کرنے والا بھارتی شہری دریائے نیلم میں جاں بحق

عرفان حسین شاہ کی شادی 2002 میں آزاد کشمیر کے علاقے چکار میں ہوئی تھی


ویب ڈیسک November 25, 2026

آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب دریائے نیلم سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رہائشی عرفان حسین شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو بیوی بچوں سے ملاقات کی خواہش میں دریائے نیلم عبور کرنے کی کوشش کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق عرفان حسین شاہ نے 22 اور 23 نومبر کی درمیانی شب کیرن زیرو پوائنٹ کے قریب پیدل دریائے نیلم عبور کرنے کی کوشش کی، تاہم دریا کے یخ بستہ پانی اور تیز بہاؤ کی نذر ہوگئے۔ ان کی لاش دریائے نیلم سے ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نیلم نے پاک فوج کے اشتراک سے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے نکالی۔

معلومات کے مطابق عرفان حسین شاہ کی شادی 2002 میں آزاد کشمیر کے علاقے چکار میں ہوئی تھی، جس کے بعد وہ 2008 میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ مقبوضہ کشمیر منتقل ہوگئے تھے۔ پاک بھارت کشیدگی کے بعد ان کی اہلیہ اور بچوں کو مقبوضہ کشمیر سے ڈی پورٹ کرکے آزاد کشمیر بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد عرفان حسین شاہ اپنے اہل خانہ سے جدا ہوگئے تھے۔

اہلیہ اور بچوں سے طویل جدائی کے باعث وہ شدید ذہنی کرب میں مبتلا تھے اور خاندان سے ملاقات کی خواہش میں انہوں نے لائن آف کنٹرول عبور کرکے دریائے نیلم پار کرنے کا خطرناک فیصلہ کیا، تاہم یہ کوشش ان کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوئی۔ متوفی کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ کے مطابق وہ بھارتی محکمہ انکم ٹیکس کے ملازم تھے۔

ریسکیو حکام نے عرفان حسین شاہ کی میت سی ایم ایچ مظفرآباد منتقل کرکے سرد خانے میں رکھوا دی ہے، تاہم اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ ان کی تدفین آزاد کشمیر میں ہوگی یا میت مقبوضہ کشمیر میں مقیم ان کے اہل خانہ کے حوالے کی جائے گی۔

میت کی حوالگی کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاٹ لائن رابطے جاری ہیں۔ دونوں ممالک کے دفاتر خارجہ کے درمیان مشاورت کے بعد اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

دوسری جانب عرفان حسین شاہ کی اہلیہ صفیہ سعید اور ان کے تین بچوں نے پاک فوج اور دفتر خارجہ سے اپیل کی ہے کہ ان کے شوہر اور والد کی میت ان کے حوالے کی جائے تاکہ وہ آخری دیدار اور تدفین کے مراحل مکمل کرسکیں۔

میت کی حوالگی کا معاملہ منقسم کشمیری خاندان کے لیے ایک کڑا امتحان بن گیا ہے۔ اگر میت آزاد کشمیر میں دفن کی گئی تو مقبوضہ کشمیر میں موجود ان کے بہن بھائی اور دیگر رشتہ دار آخری دیدار سے محروم رہیں گے، جبکہ میت سرحد پار منتقل ہونے کی صورت میں اہلیہ اور بچے اپنے پیارے کی قبر پر حاضری دینے سے محروم ہوسکتے ہیں۔

عرفان حسین شاہ کی المناک موت نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بچھڑے خاندانوں کے دکھ اور مشکلات کو اجاگر کردیا ہے، جہاں زندگی میں ملاقات کی حسرت کے بعد اب آخری دیدار اور تدفین کا مرحلہ بھی ایک بڑا سوال بن گیا ہے۔