بھارت: کیفے میں پارٹی کے بعد 22 سالہ خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، دو خواتین سمیت 3 ملزمان گرفتار

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں


ویب ڈیسک November 25, 2026

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک کیفے میں پارٹی کے بعد 22 سالہ خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے میں پولیس نے دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دیگر تین ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون اور واقعے میں نامزد ملزمان دہلی کے علاقے کرکڑدوما میں واقع ایک کیفے میں ملازمت کرتے تھے۔ پیر کی رات خاتون سمیت عملے کے آٹھ افراد نے کیفے میں پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔

پولیس کے مطابق کیفے معمول کے مطابق رات ساڑھے 11 بجے بند کردیا جاتا ہے، تاہم عملے کے ایک رکن کے پاس چابیاں موجود ہونے کے باعث اسے دوبارہ کھولا گیا اور پارٹی جاری رہی۔ گروپ نے مبینہ طور پر شراب نوشی بھی کی اور صبح تقریباً ساڑھے 3 بجے وہاں سے روانہ ہوا۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ پارٹی میں شریک دو افراد نے اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ گروپ کے دیگر ساتھیوں نے بھی ملزمان کا ساتھ دیا۔

پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں چار مردوں اور دو خواتین سمیت مجموعی طور پر چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ دو خواتین اور ایک مرد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ باقی تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔