پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شعبہ صحت میں نمایاں بہتری آرہی ہے، وزیر صحت سندھ

حکومت اور نجی شعبہ مل کر عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو


اسٹاف رپورٹر November 25, 2026

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کہتی ہیں کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سندھ کے شعبہ صحت میں نمایاں بہتری آرہی ہے، حکومت اور نجی شعبہ مل کر عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، سرکاری طبی اداروں کو مضبوط بنانے اور جدید طبی تعلیم کے فروغ کے لیے نجی شعبے کا تعاون اہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کراچی میں مقامی دوا ساز کمپنی فارم ایوو کے تعاون سے جدید آڈیٹوریم اور ڈیجیٹل لائبریری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

منصوبے کے تحت 300 افراد کی گنجائش کا جدید آڈیٹوریم، ڈیجیٹل لائبریری اور طبی عملے کی تربیت کے لیے جدید سہولیات تعمیر کی جائیں گی۔

وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ امراض قلب میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے جدید لائبریری اور آڈیٹوریم کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی، نئی سہولیات سے ڈاکٹروں، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ سندھ کے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ابھی طویل سفر طے کرنا باقی ہے۔

تقریب میں سیکریٹری صحت سندھ طاہر حسین سانگی، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر، جناح اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر خالد شیر، ایس آئی سی ایچ این کے سربراہ ڈاکٹر جمال رضا، فارم ایوو کے منیجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم، چیف ایگزیکٹو آفیسر سید جمشید احمد اور پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن کے چیئرمین مشتاق چھاپڑا سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔

اس موقع پر منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے بتایا کہ ادارے میں ایک سال کے دوران 16 لاکھ مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں، ساڑھے چار لاکھ مریضوں کا او پی ڈی میں معائنہ کیا گیا۔

سال 2025 کے دوران 10 ہزار پرائمری انجیوپلاسٹیز، تین ہزار دل کے آپریشن اور 1200 مستقل پیس میکرز لگائے گئے، جبکہ آئی سی ڈی اور سی آر ٹی کے 200 پروسیجرز بھی کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی کا مرکزی ترقیاتی منصوبہ تیزی سے زیر تعمیر ہے، جسے جون 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

فارم ایوو کے منیجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم نے کہا کہ منصوبہ محض عمارت کی تعمیر نہیں بلکہ پاکستان میں شعبہ صحت کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ اس کے تین بنیادی مقاصد میں طبی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، نوجوان ڈاکٹروں کی تعلیم و تربیت اور این آئی سی وی ڈی کی ادارہ جاتی استعداد کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔

پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن کے چیئرمین مشتاق چھاپڑا نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نتیجے میں گزشتہ چار سے پانچ برس کے دوران جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں طبی سہولیات بہتر ہوئی ہیں۔ این آئی سی وی ڈی میں تین بڑے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔

منصوبے کے آرکیٹیکٹ انجم عادل کے مطابق ایک ہزار مربع گز کے پلاٹ پر تعمیر ہونے والے آڈیٹوریم میں 300 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جبکہ جدید آڈیو ویژول سسٹم، بڑی ایل ای ڈی اسکرین اور آن لائن کانفرنسز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ عمارت میں ڈیجیٹل اور روایتی لائبریری، کمپیوٹر ورک اسٹیشنز، مطالعے کے لیے مخصوص جگہ، 30 گاڑیوں کی پارکنگ، لفٹ اور خصوصی افراد کے لیے ریمپ بھی تعمیر کیے جائیں گے۔