کراچی: بلوچ کالونی میں کثیر المنزلہ عمارت گر گئی، متعدد افراد کے ملبے تلے ہونے کا خدشہ

7 منزلہ عمارت زیرتعمیر تھی، ٹوٹل 40 سے 45 افراد بتائے جارہے ہیں جو یہاں کام کر رہے تھے، چھیپا ذرائع


ساجد رؤف November 25, 2026

کراچی کے علاقے  بلوچ کالونی میں کثیر المنزلہ عمارت گر گئی جس کے ملبے کے نیچے متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

ریسکیوحکام نے کہا کہ بلوچ کالونی،شاہراہِ فیصل کے قریب عمارت گرنے کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ ، ریسکیو 1122 اور فلاحی تنظیموں کے نمائندے موقع پر روانہ ہو گئے،  ہیوی مشینری بھی جائے حادثہ پر طلب کرلی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے تلے کئی گاڑیاں بھی دبی ہوئی ہیں جب کہ اب تک 2 افراد کو ملبے سے نکال کر طبی امداد کی فراہمی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

چھیپا حکام نے کہا کہ 7 منزلہ عمارت زیرتعمیر تھی، 20 کے قریب مزدور اندر ہونے کا بتایا جا رہا ہے جب کہ کلر کرنے والے بھی اتنے ہی بندر اندر موجود ہیں، ٹوٹل 40 سے 45 افراد بتائے جارہے ہیں جو یہاں کام کر رہے تھے۔

زخمی ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ نادر حسین ولد علی نواز، 30 سالہ شوکت علی ولد لال خان عمر، 22 سالہ احمد ولد ظفر اقبال کے ناموں سے ہوئی جب کہ ایک نوجوان کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔