لاہور:
لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے نظر بندی قانون کی دفعات 3 اور 16 کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت سے معذرت کرلی، جس کے بعد فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی۔
جسٹس علی ضیاء باجوہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے چوہدری اعجاز شفیع کی اپیل پر سماعت کی۔ جسٹس امجد پرویز نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بناء پر کیس نہیں سن سکتا۔ 2 رکنی بینچ نے فائل چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے کسی دوسرے بینچ میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کی سفارش کر دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایم پی او قانون میں شخصی آزادی سلب کرنے کے لیے واضح اور مؤثر حفاظتی ضمانتیں موجود نہیں۔ حفاظتی حراست فوجداری انصاف کا متبادل نہیں بن سکتی ، بغیر شواہد اور معقول وجوہات کے کسی شہری کی آزادی سلب نہیں کی جا سکتی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ایم پی او کی دفعہ 16 میں اظہارِ رائے پر وسیع پابندیاں آئین سے متصادم ہیں۔ خوف یا الارم اور عوامی نظم کے لیے مضر سرگرمی جیسی اصطلاحات کے قانونی معیار پر بھی سوالات ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق سیکرٹری قانون نے فل بینچ کے فیصلے کے مطابق قانون سازی کے لیے اقدامات نہیں کیے۔ درخواست میں آزادیِ اظہار، آزادیِ نقل و حرکت اور شخصی آزادی کے آئینی حقوق کے تحفظ کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ایم پی او کی دفعات 3 اور 16 کو بنیادی حقوق سے متصادم قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔