اسرائیل کے ممکنہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار گادی آئزن کوٹ کے اہم اتحادی اور سابق وزیر دفاع آویگدور لائبرمین نے ایران پر فوری حملے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اسرائیل کی جانب سے یکطرفہ فوجی کارروائی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بیان اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے اس الزام کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کیمیائی ہتھیار تیار کر رہا ہے۔
آویگدور لائبرمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے پاس کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق بیانات یقیناً سنگین نوعیت کے ہیں، تاہم انٹیلی جنس اور فوجی کارروائی کے نقطہ نظر سے فوری طور پر الگ سے اسرائیلی حملے کا کوئی جواز موجود نہیں۔
لائبرمین نے نگراں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کی اقتدار کی ہوس نے انہیں ذہنی طور پر ماؤف کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لائبرمین نے گادی آئزن کوٹ کے ساتھ اتحاد میں شامل ہونے کا معاہدہ کیا ہے۔ ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایران کے مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کے پروگرام پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے اور ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق بحث جاری ہے۔