جنوبی افریقی بیٹر کی ریکارڈ ساز اننگز، دو سالہ بیٹے کا ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل

مارکس ایکرمین کی کامیابی سے زیادہ توجہ ان کے ننھے بیٹے کے پیار بھرے ردعمل نے حاصل کی


اسپورٹس ڈیسک November 25, 2026

جنوبی افریقا کے بیٹر مارکس ایکرمین نے بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کرکے نیا قومی ریکارڈ قائم کردیا۔

سینچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ایکرمین نے صرف 137 گیندوں پر 150 رنز مکمل کیے اور جنوبی افریقا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ڈیڑھ سو رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ ان کی اننگز میں 23 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

تاہم ان کی کامیابی سے زیادہ توجہ ان کے ننھے بیٹے کے پیار بھرے ردعمل نے حاصل کی۔

آؤٹ ہونے کے بعد جب وہ پویلین واپس جارہے تھے تو کیمروں نے اسٹینڈز میں موجود ان کے دو سالہ بیٹے جیک کو والد کے لیے تالیاں بجاتے ہوئے دکھایا۔ ننھے مداح کا یہ انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

ایکرمین کی یہ مسلسل دوسری ٹیسٹ سنچری تھی۔ ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقا بنگلادیش کو اننگز کی شکست سے دوچار کرنے کی پوزیشن میں آگیا ہے۔