کراچی میں شہری کے قتل کے خلاف لواحقین کا لاش کے ہمراہ دھرنا

قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، گرفتاری تک دھرنا جاری رہے گا، مظاہرین کا مطالبہ


اسٹاف رپورٹر November 25, 2026

کراچی:

سہراب گوٹھ کے ایوب گوٹھ میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 60 سالہ حاجی جمعہ خان کے قتل کے خلاف اہلخانہ اور برادری کے افراد نے احتجاج کرتے ہوئے ڈی ایس پی آفس سہراب گوٹھ کے باہر لاش رکھ کر دھرنا دے دیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مقتول کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، جبکہ لواحقین کا کہنا ہے کہ گرفتاری تک دھرنا جاری رہے گا۔

مقتول کے بیٹے کے مطابق ان کے والد نماز پڑھ کر باہر نکلے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر چار فائر کیے، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ والد کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، سمجھ نہیں آتا کہ انہیں کیوں قتل کیا گیا۔

مقتول کے بیٹے نے پولیس سے اپیل کی کہ واقعے کا سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ لواحقین نے واضح کیا کہ وہ والد کے قاتلوں کی گرفتاری اور انصاف ملنے تک لاش کے ہمراہ احتجاج جاری رکھیں گے۔