بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے اپنے مداحوں کو ایک ایسے دفتر کی جھلک دکھائی ہے جہاں نہ چار دیواری ہے اور نہ ہی چھت، بلکہ چاروں طرف بلند و بالا پہاڑ، دلکش قدرتی مناظر اور کھلی فضا ہے۔ اداکار کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر نے مداحوں کو قدرت کے حسین نظاروں کی سیر کرادی۔
69 سالہ انیل کپور نے تصاویر میں لکڑی کی میز پر بیٹھے ہوئے دکھائی دیے، جس کے پس منظر میں پہاڑوں کا خوبصورت منظر نظر آرہا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ مزاحیہ انداز میں لکھا کہ وہ دوبارہ دفتر پہنچ گئے ہیں، تاہم اب بھی اس انتظار میں ہیں کہ کوئی اس پر چھت بھی ڈال دے۔
تصاویر میں اداکار نے سیاہ جیکٹ، پتلون اور کیپ پہن رکھی ہے، جب کہ بعض تصاویر میں دھوپ سے بچنے کے لیے سن گلاسز بھی لگائے ہوئے ہیں۔ ایک تصویر میں وہ پہاڑوں کے دلکش پس منظر میں لکڑی کی میز پر بیٹھے ہیں، جب کہ دوسری تصویر میں انہیں کھلی فضا سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کے منفرد تبصرے اور قدرتی مناظر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی۔
یہ تصاویر انیل کپور کے حالیہ یورپی سفر کے دوران سامنے آئی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے اٹلی کے شہر فلورنس سے بھی تصاویر شیئر کی تھیں، جہاں انہوں نے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارا۔ ان کے ہمراہ اہلیہ سنیتا کپور، بھائی سنجے کپور، چنکی پانڈے اور ماہیپ پانڈے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اداکار نے مزاحیہ انداز میں لکھا تھا کہ وہ اچھی صحبت اور کاربوہائیڈریٹس والی غذاؤں کے سہارے فلورنس میں وقت گزار رہے ہیں۔
اس سے پہلے 20 نومبر کو انیل کپور فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کے باعث بھی خبروں میں رہے۔ اداکار نے اس ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دونوں کے درمیان فن، ثقافت، سنیما، مصنوعی ذہانت، توانائی اور فنِ تعمیر جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔
انیل کپور کے مطابق فرانسیسی صدر نے انہیں اپنے دفتر میں نپولین کے دور سے تعلق رکھنے والی تاریخی نوادرات بھی دکھائیں۔ اداکار نے اس ملاقات کو معلوماتی اور خوشگوار تبادلہ خیال قرار دیا اور پیرس میں انہیں اور ان کے بھتیجے کو اپنائیت کا احساس دلانے پر صدر میکرون کا شکریہ ادا کیا۔
فلمی مصروفیات کی بات کی جائے تو انیل کپور حال ہی میں عالیہ بھٹ کی فلم ’الفا‘ میں نظر آئے، جو وائی آر ایف اسپائی یونیورس کا حصہ ہے۔ وہ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ میں بھی دکھائی دیں گے، جسے 24 دسمبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز کرنے کا شیڈول ہے۔
چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط فلمی سفر کے باوجود انیل کپور فلموں اور ٹیلی وژن دونوں شعبوں میں مسلسل سرگرم ہیں۔