خواتین سے متعلق متنازع مذاق پر مشہور کامیڈین کے خلاف مقدمہ درج، انسٹاگرام بھی بند

کامیڈین کے چینل پر خواتین کے خلاف توہین آمیز اور نامناسب تبصرے کیے گئے


ویب ڈیسک November 25, 2026

بھارتی ریاست بہار کی خواتین اور مذہبی تہوار چھٹھ پوجا سے متعلق متنازع مذاق کرنے پر دہلی سے تعلق رکھنے والے اسٹینڈ اپ کامیڈین یش مہیشوری پولیس کی تحقیقات کی زد میں آگئے ہیں۔ ان کے خلاف پٹنہ سائبر پولیس اسٹیشن میں 24 نومبر کو مقدمہ درج کیا گیا، جب کہ تنقید بڑھنے پر کامیڈین نے متنازع پرفارمنس یوٹیوب سے ہٹانے کے ساتھ عوامی سطح پر معافی بھی مانگ لی۔

پولیس نے یش مہیشوری کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 75(1)، 79، 351 اور 352، جب کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعات 66(C) اور 66(D) کے تحت کارروائی شروع کی ہے۔

متنازع پرفارمنس کا عنوان ’مورلی کوئسچن ایبل‘ تھا، جسے ہائیڈ آؤٹ کامیڈی کلب میں ریکارڈ کرنے کے بعد 21 نومبر کو کامیڈین کے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔ اس کے مختلف حصے سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلے اور خاص طور پر ایک مذاق پر شدید ردعمل سامنے آیا، جس میں چھٹھ پوجا کے دوران شادی شدہ خواتین کی جانب سے ماتھے پر لگائے جانے والے نارنجی سندور کی طویل لکیر کا جنسی نوعیت کے نامناسب انداز میں موازنہ کیا گیا تھا۔ چھٹھ پوجا کے موقع پر خواتین مختلف مذہبی رسومات ادا کرتی اور اپنے شوہروں کی طویل عمر کے لیے دعائیں کرتی ہیں۔

پولیس نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ اسے اس ویڈیو کے بارے میں سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا۔ شکایات میں الزام لگایا گیا کہ کامیڈین کے چینل پر بہار کی خواتین کے خلاف توہین آمیز اور نامناسب تبصرے کیے گئے، جن سے ان کی عزت و وقار مجروح ہوا۔

ایک پولیس افسر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا کہ مواد مختلف برادریوں کے درمیان سماجی ہم آہنگی متاثر کرنے اور امن و امان کی صورت حال پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ افسر کا کہنا تھا کہ معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان دشمنی یا کشیدگی کو ہوا دینے کے امکان کے باعث پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور سائبر پولیس مواد کا مزید جائزہ لے رہی ہے۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی مذمت

یش مہیشوری کی پرفارمنس پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی تنقید کی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں اس مذاق کو مزاح کے پردے میں ہماری ثقافتی اقدار پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے بہار اور دہلی پولیس سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ آئین کے تحت حاصل آزادیوں کے ساتھ ذمہ داریاں بھی وابستہ ہیں، اس لیے قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی ہونی چاہیے۔

بی جے پی رہنما ریتو جیسوال نے مطالبہ کیا کہ یش مہیشوری کے خلاف بہار کے ہر ضلع میں مقدمہ درج کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی کارروائی ایسی ہونی چاہیے جس سے کامیڈین کو اپنی غلطی کا احساس ہو۔ شیوسینا کے رہنما سنجے نروپم نے بھی کہا کہ مذہبی عقائد اور خواتین کے وقار کا مذاق اڑانے کو آزادی اظہار کے نام پر درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔

کامیڈین کی معذرت، یوٹیوب ویڈیو اور انسٹاگرام اکاؤنٹ غائب

تنقید میں اضافے کے بعد یش مہیشوری نے اپنی پرفارمنس یوٹیوب سے ہٹا دی۔ منگل کی شب انہوں نے ’بہار کے تمام لوگوں سے عوامی معذرت‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو بھی جاری کی۔

ویڈیو میں کامیڈین نے تسلیم کیا کہ بہار کی ثقافت سے متعلق ان کے تبصرے نامناسب تھے اور انہیں یہ باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا مذاق غلط انداز میں لیا گیا اور اس سے لوگوں کو تکلیف پہنچی۔ انہوں نے مستقبل میں اپنے مواد کے انتخاب کے معاملے میں زیادہ احتیاط برتنے کا وعدہ بھی کیا۔

دوسری جانب ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی اب دستیاب نہیں۔ ان کے ہینڈل @almostyash پر جانے والے صارفین کو یہ پیغام دکھائی دیتا ہے کہ صفحہ دستیاب نہیں، ممکن ہے لنک خراب ہو یا صفحہ ہٹا دیا گیا ہو۔ بظاہر کامیڈین نے اپنا اکاؤنٹ بھی بند کردیا ہے۔