نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے امریکی شہریوں، خصوصاً بزرگ افراد کو میڈیکل آلات اور ہیلتھ انشورنس کے نام پر دھوکہ دینے والے بین الاقوامی فراڈ کال سینٹرکے گٹھ جوڑکوبے نقاب کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران جن پانچ ملزمان کو گرفتار کیا اُن میں سے دو کراچی کی معروف درس گاہ سے پاس آؤٹ ہیں۔
اعلامیے کے مطابق کارروائی کےدوران 15کروڑ روپے نقد اور6کروڑ مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی کےعلاوہ 4 مہنگی گاڑیاں برآمد کرلی گئیں جبکہ گرفتارملزمان سے11ڈیجیٹل ڈیوائسزبھی تحویل میں لی گئیں،ملزمان نےبرآمد شدہ بھاری رقم چرچ کےاحاطے میں پارک گاڑی کےاندرچھپائی ہوئی تھی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹراین سی سی آئی اے کراچی شہزاد اکبر نے بتایا کہ اس کے علاوہ گزشتہ 6برسوں کے دوران ملزمان کے زیراستعمال 23بینک اکاونٹس میں ایک ارب 20کروڑ روپے کی رقوم کی منتقلی ہوئی
ایڈیشنل ڈائریکٹرسائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی شہزاداکبرنے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان 2020 سے 2025 کے دوران کراچی میں مختلف دفاتر سے مبینہ طور پر بین الاقوامی فراڈ نیٹ ورک چلا رہے تھے، جس کے لیے گلوبل ریسورس گروپ، فینکس مارکیٹنگ سلوشن اور دی کال سلوشن کے نام استعمال کیے گئے،ْ
انہوں نے بتایا کہ ملزمان امریکہ میں بزرگ شہریوں کو فون کرکے ڈوریبل میڈیکل ایکوپمنٹ (ڈی ایم ای) مصنوعات کی سہولت، انشورنس کوریج اور فوائد کے بارے میں غلط معلومات فراہم کرتے تھے،جس کے ذریعے شہریوں کی ذاتی اورطبی معلومات حاصل کی جاتی تھیں اور پھر حاصل کردہ معلومات امریکی میڈیکل بلنگ پارٹنرکو فراہم کی جاتی تھیں، جہاں میڈیکیئر،ہیومانا اور یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر سمیت امریکی ہیلتھ انشورنس اداروں کے خلاف مبینہ طور پرغیرقانونی بلنگ کلیمز جمع کرائے جاتے تھے۔
این سی سی آئی اکے مطابق بلنگ پارٹنر اپنے کمیشن اور اخراجات نکالنے کے بعد باقی رقم مبینہ طور پرملزمان میں تقسیم کرتا تھا، گرفتارملزمان میں بلال احمد،اسد علی عباسی،طلحہ یونس، ملک ریاض عرف شیزی اورعبدل وحید شامل ہیں،مقدمے میں پانچ دیگر نامزد ملزمان جن میں ایک بینک برانچ مینیجر مفرور ہے۔
شہزاد اکبرکےمطابق کارروائی میں15 کروڑ روپے نقد اور کرنسی گننے والی مشین، چار گاڑیاں جن میں ٹویوٹا فورچیونر، ٹویوٹا ریوو، ایم جی اور کیا سونک برآمد کی گئی ہیں۔ گاڑیوں کی مجموعی مالیت تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، اس کے علاوہ بائنانس اکاؤنٹ میں موجود 223 ہزار 309 امریکی ڈالر سے زائد کی ڈیجیٹل کرنسی کی نشاندہی کی گئی ہے، جس کی فریزنگ کے لیے ایکسچینج سے درخواست کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 11 موبائل فونز، ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپس، پاسپورٹ اور فرضی کمپنیوں کے بینک ریکارڈ بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔ تحقیقات کے مطابق مبینہ فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم غیرقانونی حوالہ ہنڈی اورمرچنٹ سہولتوں کے ذریعے پاکستان منتقل کی جاتی تھی، جہاں فرضی کمپنیوں اور کاروباری اداروں کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقم وصول کی جاتی تھی۔
شہزاداکبرکےمطابق این سی سی آئی اے نے 23 ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے جن میں زیادہ ترسندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی برانچ میں کھولے گئے، ان اکاؤنٹس کے لیے مبینہ طور پرمناسب تصدیق کے بغیر کے وائی سی کلیئرنس دی گئی۔
تحقیقات کے مطابق ان اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 12 کروڑ روپے کی رقم مختصرعرصے میں جمع اورمنتقل کی گئی جبکہ غیرقانونی رقم سے جائیداد، دیگر اثاثے اور ڈیجیٹل سرمایہ خریدا گیا، جن کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
شہزاداکبرکا کہنا تھا کہ یہ بنیادی طورپر دودوستوں کی کہانی ہے جن کا تعلق میرپورخاص سے ہے،ان دونوں نےکراچی کی ایک معروف تدریسی ادارے سےتعلیم حاصل کی، جس کے بعد اس دھندے سے منسلک ہوئے،ان ملزمان کا پردہ اس وجہ سے بھی چاک ہواکہ گذشتہ کچھ عرصے کےدوران کال سینٹرزپرچھاپوں کےدوران اکثرملزمان نے اعترافی بیان میں مذکورہ ملزمان سے تربیت حاصل کرنے کا انکشاف کیا اور پھر تحقیقات شروع کی گئیں
ایکسپریس نیوزسے گفتگومیں شہزاد اکبر کا کہنا تھاکہ گرفتارملزمان میں ایک ملزم ایسا بھی ہےجوکہ یومیہ 20لاکھ روپے تک خرچ دیتا تھا۔ شہزاد اکبرکے مطابق چرچ میں رقوم چھپانے کے درپردہ وجہ یہ ہے کہ گرفتارملزمان میں سے ایک کسی چرچ کے پاسٹرکےبیٹے کا دوست ہے،جس نےاپنے دوست کا سہارالےکربھاری رقم وہاں چھپائی تاکہ کسی کا ذہن نہ جاسکے اورنہ ہی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان سے برآمد کچھ دستاویز کی بناء پر اس کیس کو اینٹی منی لانڈرنگ کی سطح پربھی تحقیق کررہے ہیں تاکہ ان کی دیگراملاک اوراثاثوں کا پتہ لگایاجاسکے، ملزمان کےخلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمزایکٹ 2016 کی مختلف دفعات کےتحت مقدمہ درج کرلیاگیا جبکہ مزید تحقیقات میں منی لانڈرنگ، دیگر شریک ملزمان اور بین الاقوامی سہولت کاروں کی نشاندہی کی جارہی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 134/2026 درج کرلی گئی ہے۔