پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو میں اختتام پذیر ہوگیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 5 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان ہونے والے بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں دونوں ممالک نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط ہوگئے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق بھی معاہدے طے پائے۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور روس نے دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا جبکہ 11ویں اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، مین تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا گیا اعلامیہ
دونوں ممالک نے ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا، پاکستان اور روس نے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی بڑھانے، سرمایہ کاری میں سہولت اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا اور طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد اور ادارہ جاتی روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان اور روس نے مستقبل مین بامقصد اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ طے کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں ہوگا جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔