کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں قائم سندھ گورنمنٹ اسپتال میں گزشتہ 10 برس سے سی ٹی اسکین کی سہولت بند ہونے کا انکشاف ہوا جہاں طویل عرصے سے غیر فعال مشین کے قیمتی پرزے مبینہ طور پر چوری کرکے نجی اسپتالوں کو فروخت کردیے گئے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق سی ٹی اسکین مشین 2016 میں غیر فعال ہوئی تھی، جس کے بعد طویل عرصے تک اس کی بحالی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مشین کے اندرونی قیمتی پرزے جن میں وائرنگ، سرکٹ، یو پی ایس، بیٹریاں اور دیگر ضروری سامان شامل ہے جو کہ مبینہ طور پر چوری کرکے نجی اسپتالوں کو فروخت کر دیے گئے ہیں، جس کے باعث اب مشین کا صرف ڈھانچا باقی رہ گیا ہے اور اسے دوبارہ فعال کرنا ممکن نہیں ہے۔
اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر ہارون نے بھی سی ٹی اسکین مشین کی طویل عرصے سے بندش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشین غیر فعال ہونے کے باعث سی ٹی اسکین روم کو تالا لگا دیا گیا ہے اور کمرے کے باہر سے سی ٹی اسکین کی سہولت کا بورڈ بھی ہٹا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مریض بورڈ دیکھ کر سوال کرتے تھے کہ جب اسپتال میں سی ٹی اسکین کی سہولت موجود نہیں تو بورڈ کیوں آویزاں ہے۔
ڈاکٹر عامر ہارون کا کہنا تھا کہ مشین کی بحالی کے لیے ماضی میں محکمہ صحت کو متعدد مرتبہ خطوط لکھے جاچکے ہیں تاہم تاحال کوئی توجہ نہیں دی گئی، اسپتال انتظامیہ خود بھی چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات بحال ہوں تاکہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شہریوں کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں سی ٹی اسکین کی سہولت کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو ٹیسٹ کے لیے سول اور جناح اسپتال جانا پڑتا ہے، جبکہ ہنگامی صورت حال میں فوری تشخیص کی ضرورت کے پیش نظر بعض مریض نجی اسپتالوں اور تشخیصی مراکز سے بھاری اخراجات پر سی ٹی اسکین کروانے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتال میں سی ٹی اسکین کی سہولت بحال ہونے سے لیاقت آباد اور اطراف کے علاقوں کے مریضوں کو بڑی سہولت میسر آسکتی ہے۔
انہوں نے محکمہ صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ مشین کے پرزوں کی مبینہ چوری کی تحقیقات کرائی جائیں اور اسپتال میں نئی سی ٹی اسکین مشین کی تنصیب کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔