پاکستان میں رواں سال کا 10واں پولیو کیس سامنے آگیا

ضلع کرک کی 14 ماہ کی بچی کو وائرس کی تصدیق ہوئی، خیبرپختونخوا میں اب تک 8 جبکہ سندھ سے 2 کیسز سامنے آچکے ہیں


رضیہ خان November 25, 2026
فوٹو فائل

قومی مرکز صحت کے مطابق ملک میں پولیو کا ایک اور نیا کیس سامنے آگیا جس کے بعد رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 10 تک پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں 14 ماہ کی بچی کو پولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد رواں سال رپورٹ ہونے والے 10 پولیو کیسز میں سے 8 خیبر پختونخوا اور 2 سندھ سے سامنے آئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ضلع کرک سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیس کا جینیاتی تعلق جنوبی خیبر پختونخوا میں پائے جانے والے وائرس سے ہے جبکہ خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہونے والے 8 پولیو کیسز میں سے 4 جنوبی خیبر پختونخوا سے سامنے آئے۔

نیشنل ایمرجنسی سینٹر نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے، سال 2026 کی تیسری اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12 سے 18 دسمبر تک ملک بھر کے 167 اضلاع میں چلائی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے جبکہ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔

نیشنل ای او سی کے مطابق سال 2026 کی یہ آخری انسدادِ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جائے گی۔ قومی مرکز نے والدین سے اپیل کی کہ آئندہ آنے والی ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے دو قطرے لازمی پلوائیں جبکہ حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی بروقت مکمل کروائیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔