پاکستانی لوک موسیقی کے معروف گیت ’سمی میری وار‘ کے حوالے سے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔ بھارتی گلوکارہ تلسی کمار کی جانب سے ریلیز کیے گئے ایک نئے گانے کو صارفین نے پاکستانی گیت سے مشابہ قرار دیتے ہوئے اسے نقل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
’سمی میری وار‘ ایک پرانا پاکستانی لوک گیت ہے جسے مختلف ادوار میں کئی گلوکار اپنی آواز دے چکے ہیں، تاہم نئی نسل میں اس کی مقبولیت کا ایک بڑا سبب قرت العین بلوچ اور عمیر جسوال کی کوک اسٹوڈیو پاکستان میں پیش کی گئی پرفارمنس ہے۔ تقریباً ایک دہائی قبل ریلیز ہونے والی یہ پیشکش فوری طور پر مقبول ہوئی اور آج بھی موسیقی کے شائقین کی پلے لسٹس کا حصہ ہے۔
اب بھارتی گلوکارہ تلسی کمار کا ایک نیا گانا ٹی سیریز کے تحت ریلیز کیا گیا ہے، جسے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا۔ اس کے بعد صارفین نے اس کا موازنہ ’سمی میری وار‘ سے شروع کردیا اور کئی افراد نے الزام لگایا کہ پاکستانی گیت کی دھن یا انداز سے استفادہ کیا گیا ہے۔
یہ بحث ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت میں پاکستانی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز روکنے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے، جب کہ پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کے کردار ابوبکر کو بھی بعض بھارتی حلقوں کی جانب سے پروپیگنڈا قرار دینے کے دعوے سامنے آئے ہیں۔
تلسی کمار کے گانے پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ایک طرف پاکستانی ڈراموں پر پابندی کی کوششیں ہورہی ہیں اور دوسری جانب پاکستانی موسیقی سے مشابہ گانے سامنے آرہے ہیں۔ ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ دائیں بازو کے حلقے ایسے گلوکاروں کے خلاف مہم کیوں نہیں چلاتے جن پر دوسروں کے کام کی نقل کے الزامات لگتے ہیں۔
ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ چاہے جتنا بھی بائیکاٹ کرلو، آخرکار موسیقی تو پاکستانی ہی نقل کرنی ہے۔