پشاورکے علاقے گڑھی عطا محمد روڈ پر پیشی بھگتنے والے میاں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ فائرنگ سے مقتولین کا بیٹا بھی زخمی ہوگیا۔
مقتول کے بیٹے پر قتل کا الزام تھا جس کیلئے وہ گزشتہ روز پیشی کیلئے جارہے تھے اس دوران انہیں نشانہ بنایا گیا۔واقعہ سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا تھا۔
رحمان باباپولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت علاو الدین ولد سلام گل اور خاتون نور زادہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق موٹرسائیکل سوار افرادنے رکشے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار خاتون مسماة نور زادہ بی بی، ان کے شوہر علاوالدین قتل جبکہ بیٹا بلال ساکنان وزیرستان حال گڑھی عطا محمد شدید زخمی ہوگیا جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران جائے وقوعہ پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلیے۔پولیس کاکہناہے کہ زخمی بلال ولد علاوہ الدین اور مقتولہ پر 2024میں تھانہ انقلاب کی حدود میں مبینہ طور پر قتل کرنے کا الزام تھا جو کہ گزشتہ روز عدالت میں پیشی کیلئے گئے تھے۔
واقعہ میں جاں بحق افراد کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔