برطانیہ میں نابالغ لڑکیوں کیساتھ جنسی زیادتی؛ پاکستانی نژاد ملزم کو 24 سال قید

پاکستانی نژاد محمد خالد نے یہ جنسی جرائم 2003 سے 2006 کے دوران کرکلیز کے علاقے میں انجام دیے تھے


ویب ڈیسک November 25, 2026
برطانیہ میں نوعمر لڑکیوں کے خلاف جنسی جرائم میں ملوث 55 سالہ پاکستانی محمد خالد کو 24 سال قید

برطانیہ میں کئی سال تک قانون کی گرفت سے بچنے والے 55 سالہ محمد خالد کو دو نوعمر لڑکیوں کے خلاف جنسی جرائم اور منشیات فراہم کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر 24 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ہڈرزفیلڈ سے تعلق رکھنے والے محمد خالد 2020 میں تفتیش کے دوران ملک سے فرار ہوگیا تھا جسے رواں سال مانچسٹر ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔

پاکستانی نژاد محمد خالد نے یہ جنسی جرائم 2003 سے 2006 کے دوران کرکلیز کے علاقے میں انجام دیے تھے۔ لیڈز کراؤن کورٹ میں 7 روزہ مقدمے کی سماعت کے بعد جیوری نے اسے 8 الزامات میں مجرم قرار دیا تھا۔

ان جرائم میں ایک نوعمر لڑکی کے ساتھ پانچ مرتبہ جبری زیادتی اور جنسی حملہ جبکہ دوسری لڑکی کو 2005 میں دو مرتبہ منشیات فراہم کرنا شامل تھا۔ عدالت نے اسے مجموعی طور پر 24 سال قید کی سزا سنائی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم 2020 میں جنسی جرائم کی تحقیقات کے دوران برطانیہ چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ اس کی تلاش جاری رکھی گئی اور 23 اپریل 2026 کو برطانیہ واپسی پر مانچسٹر ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔

عدالت میں ایک متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس زیادتی کے اثرات نے اس کی خود اعتمادی، ذہنی صحت، تعلیم اور خاندانی زندگی کو متاثر کیا۔ وہ ماضی کو پیچھے چھوڑ کر محفوظ اور خوش حال زندگی گزارنا چاہتی ہے۔

پولیس افسر فل ڈیوس نے متاثرہ خواتین کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود جنسی جرائم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔