آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں ایک ایسا منظر دیکھنے کو ملا جس نے ایک حساس اور نہایت سنجیدہ اجلاس کو بھی خوش گوار بنا دیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آزاد سینیٹر فاطمہ پیمان 25 نومبر کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپنی بیٹی عالیہ کو ساتھ لے کر پہنچیں۔ وہ ڈیجیٹل تحفظ سے متعلق قانون سازی پر گفتگو کر رہی تھیں اور اسی دوران بچی کو بھی سینے سے لگائے رکھا۔
سینیٹر فاطمہ پیمان نہایت اطمینان کے ساتھ چھ ماہ کی بیٹی کو گود میں اٹھائے ایوان سے خطاب کرتی رہیں جبکہ ان کے پیچھے بیٹھی ایک اور سینیٹر ننھی بچی کو کھیل کے ذریعے بہلاتی رہیں۔
اس موقع پر ان کے پیچھے بیٹھی سینیٹر لیڈیا تھورپ نے بچی کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ہاتھوں سے دلچسپ اشارے کیے اور اس کے ساتھ چھپن چھپائی کھیلنے لگیں۔
ایوان میں موجود دیگر ارکان بھی یہ منظر دیکھ کر مسکراتے رہے جبکہ فاطمہ پیمان نے اپنا خطاب جاری رکھا۔
خیال رہے کہ فاطمہ پیمان مغربی آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والی آزاد سینیٹر ہیں اور پارلیمنٹ میں اپنے عہدے پر رہتے ہوئے بچے کو جنم دینے والی اس ریاست کی پہلی سینیٹر ہیں۔
آسٹریلوی پارلیمنٹ کے قواعد ارکان کو اجلاس کے دوران اپنے شیرخوار بچوں کو ساتھ رکھنے اور ان کی دیکھ بھال کی اجازت دیتے ہیں۔
اس سہولت کا مقصد والدین کو بچوں کی پرورش اور پارلیمانی ذمہ داریوں میں سے کسی ایک کو ترک کرنے پر مجبور ہونے سے بچانا ہے۔