زندگی کیا ہے عناصرمیں ظہور ترتیب
موت کیا ہے انھیں اجزا کاپریشاں ہونا
ممتاز دانشور،صحافی ،مدیر،طالب علم راہنما، جمہوریت ،آئین ،قانون پسند اور انسانی حقوق کے ایک بڑے راہنما حسین نقی بھی اپنے رب کی طرف لوٹ گئے۔اناللہ واناالیہ راجعون۔وہ ایک بڑی کمال شخصیت تھے اور پاکستان کے دائیں اور بائیں بازو سمیت ہر علمی و فکری طبقہ کی سطح پر ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔90برس کے حسین نقی کی ساری زندگی صحافتی ،سیاسی،جمہوری ،انسانی حقوق سمیت محروم طبقہ کی جنگ لڑتے ہوئے گزری۔وہ ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ وہ اسی جنگ کو لڑتے لڑتے دنیا سے رخصت ہونا چاہتے ہیں اور ایسا ہی ہوا کہ موت کے دن بھی متحرک اور فعال تھے۔
موت سے چند گھنٹے قبل ان کی کتاب کی تقریب رونمائی پر ہونے والی تقریر بھی سیاسی جدوجہد کی عکاسی کرتی تھی۔وہ پاکستان کے ان نایاب صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں میں سے تھے جن کی شخصیت اصول،بہادری اور مسلسل مزاحمت سے عبارت تھی۔ایوب خان،یحیٰ خان، جنرل ضیا الحق،جنرل پرویز مشرف کے آمرانہ نظام کے خلاف انھوں نے جہاں آواز اٹھائی وہیں جمہوری حکمران جن میں ہر دور کے حکمران شامل تھے ان کی تنقید سے بچ نہیں سکے۔وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ ہمیں اپنی جدوجہد میں غیر جمہوری اور جمہوری حکمرانوں کی سطح پر مختلف طرز کی آمریت اور غیر جمہوری طرز عمل یا خاندانی ڈکٹیٹر شپ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وہ اس فلسفہ پر یقین رکھتے تھے کہ ہمیں ’’ تنہا ہوکر بھی نہ صرف کھڑے رہنا چاہیے بلکہ لڑتے رہنا چاہیے۔
وہ صحافی سے زیادہ اصولی طور پر مزاحمت کی ایک ایسی شکل تھے جنھوں نے کبھی بھی کسی کے سامنے سمجھوتہ کرنے کی بجائے اپنے اصول، نظریات،سوچ اور فکر پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ کیا اور اس جدوجہد میں ان کو نہ صرف کافی سختی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ انھیں کئی غیر سول اور سیاسی ادوار جن میں بھٹو کی حکومت بھی شامل تھی جیل کی سزا بھی کاٹنا پڑی۔لیکن اپنی اس مزاحمت کی زندگی میں انھوں نے کبھی ہار نہیں مانی بلکہ ہمیشہ سر اٹھا کر اپنی مزاحمت کا مان رکھا۔ اگرچہ ان کی مادری زبان اردو تھی مگر ان کو یہ بھی اعزاز تھا کہ انھوں نے لاہور سے پہلا پنجابی اخبار’’ سجن‘‘ بھی نکالا اور یہ اخبار ان کا جنون تھا مگر وسائل کی کمی کی وجہ سے یہ اخبار بند کرنا پڑا۔اسی پر مجید نظامی نے حسین نقی کو کہا کہ آپ کی زبان تو اردو ہے مگر آپ پنجابی اخبار نکال رہے ہیں۔
اس پر حسین نقی نے کہا کہ نظامی صاحب آپ کی اپنی زبان پنجابی ہے مگر آپ نے اخبار اردو کا نکالا ہوا ہے۔اس پر مجید نظامی نے کہا حسین نقی تم پہلے ایک صفحہ پنجابی کا لکھ کر دکھاؤ تو حسین نقی نے ایک صفحہ پنجابی کا لکھ دیا جس پر نظامی صاحب حیران رہ گئے۔وہ اس کے مختلف اخبارات سے وابستہ رہے۔وہ ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ پاکستان جیسے غیر جمہوری معاشرے میں جہاں اقلیتوں، کسانوں، مزدوروں ، کمزوروں یا محروم طبقات کی جدوجہد کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں خود کو انسانی حقوق کی بنیاد پر نہ صرف اس کا حصہ بننا چاہیے بلکہ اس کام کے لیے ادارہ جاتی عمل کو مضبوط بنانا ہوگا۔ ؎
بدلانہ تیرے بعد بھی موضوع گفتگو
تو جا چکا ہے پھر بھی میری محفلوں میں ہے
حسین نقی ان لوگوں میں سے تھے جو ہر دور میں پریس ایڈوائس اور سنسر شپ کے خلاف ڈٹے رہے۔ پاکستان پریس انٹرنیشنل کے بیورو چیف کے عہدے سے اس لیے الگ ہوئے کہ انھوں نے ایک جھوٹی رپورٹ کو قبول کرنے سے انکار کردیا ۔نوکری کے چھن جانے ،جیل جانے اور پریشانیوں کے باوجود انھوں نے کبھی بھی حقیقت کو مسخ نہیں کیا اور ہمیشہ سچائی کے ساتھ کھڑے رہے۔دلچسپ بات یہ کہ وہ زمانہ طالب علمی سے طلبہ سیاست سے منسلک رہے اور نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے اہم راہنما تھے جامعہ کراچی سے انھوں نے انتخاب بھی لڑا اور جیتے بھی۔ اہم بات یہ ہے سویز بحران کے دوران برطانوی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کیا ۔ان کی زندگی پر مشتمل خود نوشت’’ مجھ سے جو ہوسکا‘‘ اہم کتاب ہے جسے جمہوری پبلیکیشنز نے شائع کیا۔
ان کے بقول اس خود نوشت کا یہ نام انھوں نے اس لیے تجویز کیا کہ’’ مجھ سے جو ہوسکا‘‘ اس میں ان کی علمی اور فکری جدوجہد کی انکساری بھی تھی اور انھوں نے خود کو بڑے نمایاں بن کر پیش نہیں کیا۔ان کو آئی اے رحمان اور عاصمہ جہانگیر اور حنا جیلانی کے ساتھ براہ راست انسانی حقوق کی جدوجہد میں کام کرنے کا موقع ملا اور خاص طور پر ان کی اور آئی اے رحمان کی جوڑی قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی تھی اور دونوں اپنی زندگی صحافت،انسانی حقوق اور جمہوری جدوجہد میں گزار کر دنیا سے رخصت ہوئے۔
حسین نقی ان بڑے صحافیوں میں سے ہیں جن پر عملی طور پر جامعات کی سطح پر تحقیقی مقالے یا پی ایچ ڈی ہونی چاہیے تاکہ نئی نسل سمجھ سکے کہ حقیقی صحافت کیا ہوتی ہے۔