کوئی نہ ہو

مصحفیؔ ہم تو یہ سمجھے تھے کہ ہو گا کوئی زخم تیرے دل میں تو بہت کام رفو کا نکلا


اعجاز حفیظ خان November 26, 2026

مرزااسداﷲغالبؔ نے کیا خوب کہا ؎

رہیے اب ایسی جگہ چل کر جہاں کوئی نہ ہو

ہم سخن کوئی نہ ہو اور ہم زباں کوئی نہ ہو

یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ جائیں تو جائیں کہاں۔ جان ہے تو جہان ہے،جہان ہے تو جان ہے۔ معاف کیجئے گا!حالات و واقعات کئی موڑ کے بعد تنہائی میں لے جاتے ہیں۔تنہائی کا ایک چہرہ رُسوائی کو بھی کہہ سکتے ہیں،اور ایک چہرے پر بھی کئی چہرے ۔کیا اس میں شناسائی کو بھی شامل کر سکتے ہیں؟ دل کا بھی ذکر کرتے چلیں، اور اُس کی اُداسی کا بھی ذکر سکتے ہیں۔ جو کبھی بال کھولے ،اور کبھی خیال کھلے۔یہ بھی دیکھا کہ ایک دن اُداسی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن جاتی ہے۔اس پر کیا کہیں؟میر تقی میرؔ کا بھی ایک شعر نذرِ قارئین ہے۔

کھلنا کم کم کلی نے سیکھا ہے

اُس کی آنکھوں کی نیم خوبی سے

ایک دن کلی پھول کے رُوپ میں بھی نظر آتی ہے۔ اور پھول مرجھا بھی جاتے ہیں۔ ان کی نیم خوابی میں کیسی کیسی یادیں بسنا شروع ہو جاتی ہیں۔نیم خوابی میں راتیں بھی ڈگمگانے لگتی ہیں، اور کہیں نہ کہیں ، صبح کے آثار بھی دکھائی دینے لگتے ہیں۔ بے شک! وقت گزر جاتا ہے لیکن یادیں بھی فولادی بن جاتی ہیں۔ہو سکتا ہے کہ ایک دن یہ بھی ریزہ ریزہ ہوتی نظر آئیں۔

خواجہ محمد میر اثرؔکا بھی ایک شعر نذرِ قارئین ہے۔

تیرے آنے کا احتمال رہا

مرتے مرتے یہی خیال رہا

خیال میں اپنوں اور سپنوں کے ساتھ ساتھ کئی غیر بھی چلنا شروع ہو جاتے ہیں۔کسی کو منزل بھی مل جاتی ہے، اور کوئی خواب و خیال میں ہی بھٹک رہے ہوتے ہیں۔ یہ درست کہ بھٹکنے سے ،یا بھولے بسرے سے منزل کا دیداربھی ہوسکتا ہے۔بے شک! موت سب سے بڑی حقیقت ہے،اور بے شک! موت ہی زندگی کی گارنٹی ہے۔جو لوگ بعد از مرگ کے بارے میں یقین نہیں رکھتے،لیکن اُن کا بھی موت پر یقین ہے۔ایک قیامت ہے،جس نے آنا ہی آنا ہے،دوسری طرف؟؟؟ ’’آج ہم یورپ کے نشاۃِ ثانیہ کے بارے میں بات کرتے ہیں۔’’ اس دور میں قرون وسطیٰ میں انقلابی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں۔پہلے خیال تھا کہ قرون وسطیٰ ایک تاریک دور تھا۔یہ بھی سمجھا جاتا تھا کہ اطالیہ (اٹلی) میں 1300 کے بعد تہذیب نے نئی زندگی لی، جسے شروع میں ثقافتی تحریک کہا گیا،جو 1600میں پورے یورپ تک پھیل گئی۔

نشاۃِ ثانیہ کے پھیلاؤ کی متعدد وجوہات ہیں۔جن میں سب سے اہم وجہ معیشت ہے،1200کے بعد صنعت اور تجارت کو فروغ ملا۔معیشت کے فروغ سے سب سے پہلے شمالی اطلالیہ کا شہر وینس دولت مند اور خوشحال ہو گیا۔دُنیاکے مشرقی حصے سے مصالحہ جات و دیگر اشیائے وینس سے مغربی ممالک تک پہنچتی تھیں۔اُن برسوں میں ایک اور شہر میلان بھی ایک اہم تجارتی مرکز بن گیا تھا۔ایک اور شہر فلورنس بینکاری کا مرکز تھا، اُونی اور ریشمی کپڑے کی ایک بڑی منڈی بن گیا۔1300سے 1600کے درمیان اطالوی شہروں میں انقلابی تبدیلیاں ہو رہی تھیں، اور تجارت کے نئے نئے راستے بھی دریافت ہونے لگے۔جو معیشت کے لیے اہم موڑ ثابت ہوئے۔اہلِ یورپ اور مشرق کے درمیان بڑھتے ہوئے رابطے نشاۃِ ثانیہ کا اہم سبب بنے۔یہ بھی عرض کرتے چلیں کہ قرونِ وسطیٰ میں یورپ تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا جب کہ عالم مشرق،عالم اسلام ترقی کے نئے راستوں پر چل رہا تھا۔

مسلم اسپین بھی ترقی کے اسی راستے پر تھا۔قرطبہ ،اشبیلیہ اور غرناظہ کی تعلیمی درسگاہوں میں یورپ کے عیسائی طلباء بھی تعلیم پا کراپنے اپنے ملکوں میں پائی جانے والی تاریکی کو دور کرنے لگے۔اور طالب علموں کی ایک بڑی تعداد اُن درسگاہوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے جستجو کرنے لگی۔قسطنطنیہ میں مسلمانوں کے زوال کے بعد جو یونانی اور رومی علوم کے ماہر یورپ ہجرت کر گئے، اُنھوں نے اپنے اپنے ممالک میں علم و عمل کی نئی راہیں کھولیں اور جس سے یورپ کے ممالک کو بہت فائدہ ہوا۔ایک بار پھر عرض کرتے چلے کہ سب سے پہلے جو ملک علم و فنون سے بہرہ مند ہوا ،وہ اطالیہ ہی تھا۔یہاں بزنس مین دل کھول کر اپنی کمائی ہوئی دولت علم و فن کی ترقی پر خرچ کرنے لگے۔عالی شان محلات ،گزر گاہیں،حمام ، تماشہ گاہیںاور لاتعداد عمارات تعمیر کی گئیں۔

اطالیہ کے شہروں کو بارونق بنایا گیا۔نئے ممالک کی تلاش کے لیے بحری مہمات روانہ کی گئیں۔سائنس دانوں نے تجربے اور تحقیق کے لیے اصول مرتب کیے۔ مصوروں نے انسانی زندگی کے ہر پہلو کی عکاسی کی،شاعر اور ادیب بھی میدان میں آگئے۔اُنھوں نے شاعری اور ادیبوں نے اپنے قلم سے حالات و واقعات کو رقم کرنے لگے۔معماروں نے رہنے کے لیے عمدہ مکانات تعمیر کیے ۔ نشاۃِ ثانیہ کے عہد کا فلسفہ انسانیت Humanismاس کی اہم خصوصیت ہے۔اس فلسفہ کے مطابق انسان کی ذات ہی کائنات کا مرکز ہے۔اس لیے کہا گیا کہ انسانی زندگی کا مطالعہ اور اس کی ترقی کی کوشش انسان کی زندگی کا سب سے بڑا مقصد قرار پائی‘‘۔ غلام ہمدانی مصحفیؔ کا بھی ایک شعر یاد آیا۔

مصحفیؔ ہم تو یہ سمجھے تھے کہ ہو گا کوئی زخم

تیرے دل میں تو بہت کام رفو کا نکلا

 آج کے ریفرنس میں ہم اُردو کی نامور افسانہ نگار حجاب امتیاز علی کا ذکر کرتے ہیں۔’’ حجاب امتیاز علی 4نومبر 1908کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئی تھیں۔اُن کی والد سید محمد اسمائیل نظام دکن کے فرسٹ سیکر یڑی تھے اور اُن کی والدہ عباسی بیگم اپنے دور کی نامور اہلِ قلم تھیں۔ حجاب امتیاز علی نے عربی ،اُردو اور موسیقی کی تعلیم حاصل کی اور مختلف ادبی رسالوں میں افسانہ نگاری کا آغا ز کیا۔ابتدا میں وہ حجاب اسماعیل کے نام سے لکھا کرتی تھیں اور اُن کی تحریریں زیادہ تر ’’ تہذیب نسواں‘‘میں شائع ہوتی تھیں،جس کے مدیر امتیاز علی تاج تھے۔1929میں امتیازعلی تاج نے اپنا مشہور ڈرامہ’’ انارکلی‘‘ ان کے نام سے لکھا اور 1934 یہ دونوںادبی شخصیات سجاد حیدر یلدرم کی معرفت سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ شادی کے بعد حجاب امتیاز علی مستقلاّ لاہور کی شہری بن گئیں اور حجاب اسماعیل سے حجاب امتیاز بن گئیں ۔

حجاب امتیاز علی نے بے شمار افسانوی اور ناولٹ یادگار چھوڑے۔ جن میں میری ناتمام محبت اور دوسرے رومانی افسانے مجموعے ،لاش اور ہیبت ناک افسانے، خلوت کی انجمن، نغمات سے موت، ظالم محبت، وہ بہاریں یہ خزائیں، کالی حویلی،اور تحفے کے نام شامل تھے۔اُنھوں نے تہذیب نسواںکی ادارت بھی کی اور ایک فلائنگ کلب کی رُکنیت اختیار کر کے برصغیر پاک و ہند کی اولین ہو اباز خاتون ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔19مارچ 1999 کو حجاب امتیاز علی لاہور میں وفات پاگئیں۔وہ لاہور میں مومن پورہ کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں‘‘۔