انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا میں سونے کی غیر قانونی کان میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 کان کن ہلاک جبکہ مزید 13 زیرِ زمین پھنس گئے۔
لاپتا کان کنوں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ 23 نومبر کو دارالحکومت جکارتہ کے جنوب میں واقع ضلع بوگور کے علاقے پونگکور میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے باعث دریائے سیسیورہ کا پانی کان کے اندر داخل ہوگیا۔
حادثے کے وقت مجموعی طور پر 26 کان کن تقریباً 100 میٹر گہری سرنگوں میں کام کر رہے تھے، جن میں سے 11 افراد باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ باقی پانی میں پھنس گئے۔
حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں دو سرنگوں میں پھنسے افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ تنگ، تاریک اور پھسلن والی سرنگوں کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔