انتظامیہ کے اوچھے ہتھکنڈے اور لیگی حکومت کی فسطائیت اسکے اقتدار کے خاتمے کا آغاز ہوگی، جے یو آئی

ترجمان نے کہا کہ سورج نکلنے کے باوجود دھند کے نام پر  موٹروے بند کر دیا گیا


بلال غوری November 26, 2026

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری  نے کہا ہے کہ سرگودھا کانفرنس کو ناکام بنانے کے لئے پنجاب انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، سرگودھا جانے والے تمام راستے بند کردئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سورج نکلنے کے باوجود دھند کے نام پر  موٹروے بند کر دیا گیا، کانفرنس کے خوف سے عوام کو پریشان کیا جارہا ہے، مسلم لیگی حکومت کی یہ فسطائیت اس کے اقتدار کے خاتمے کا آغاز زثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بزدل حکمران ایک کانفرنس سے بوکھلا اٹھے ہیں، ہزاروں کارکن سرگودھا کی طرف روانہ ہیں ،تمام تر رکاوٹوں کے باوجود جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں،  ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے ووٹ کو پاؤں تلے روند رہے ہیں۔

 اسلم غوری  نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود انشاءاللہ کانفرنس  منعقد ہو گی، مولانا فضل الرحمان اور دیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب کریں گے، کارکن صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں ۔اشتعال میں نہ آئیں ۔بدامنی پھیلانے والوں پر نظر رکھیں۔