جمعیت علمائے اسلام ف اسلام آباد کے صدر کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے مفتی اویس کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنا دیا


فیاض محمود November 26, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے جمعیت علمائے اسلام ف اسلام آباد کے صدر مفتی اویس کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے مفتی اویس کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

پولیس کی جانب سے مزید 15 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ یہ کیس کل مجھے مارک ہوا ہے پہلے کوئی اور تفتیشی تھا، وکیل صفائی کامران مرتضیٰ نے دلائل دیے کہ سر یہ تو ریمانڈ کے حوالے سے کوئی گراونڈ نہیں ہے۔

جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ میرے والد جج تھے انکی عدالت میں ایک بندے کا فیصلہ تھا ملزم بھاگ گیا، ملزم بھاگ کر کچہری کے باہر روڈ پر گیا تو ٹرک نے ٹکر مار دی، ٹرک کی ٹکر سے ملزم جاں بحق ہوگیا۔

جج نے ریمارکس دیے کہ میرے والد نے اسٹینو کو کہا کہ آڈر بے کار ہوگیا ہے، عدالت نے ملزم کو بری کیا لیکن وہ فیصلہ سننے سے پہلے ہی بھاگا اور مارا گیا، اللہ کے فیصلوں میں حکمت ہوتی ہے کامران صاحب، میں نے جو کہا ہے آپ سمجھ گئے ہیں میں آڈر کرتا ہوں۔

عدالت نے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔