امریکی سینیٹر کا اسرائیل کی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ، غزہ کو زہریلا خطہ قرار دے دیا

تین سال سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے غزہ کو ’زہریلے بنجر علاقے‘ میں تبدیل کردیا ہے، امریکی سینیٹر


ویب ڈیسک November 26, 2026

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے آکسفیم کی نئی رپورٹ کی روشنی میں اسرائیل کو امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین سال سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے غزہ کو ’زہریلے بنجر علاقے‘ میں تبدیل کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں برنی سینڈرز نے کہا کہ غزہ میں صفائی اور نکاسی آب کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے، جبکہ 6 کروڑ 10 لاکھ ٹن سے زائد ملبے نے علاقے کو انتہائی آلودہ اور زہریلا بنا دیا ہے۔

انہوں نے موجودہ ماحولیاتی اور انسانی صورت حال کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اسرائیل کو فوجی امداد فراہم کرنا بند کرنی چاہیے اور اس کے بجائے غزہ کے عوام کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد دینی چاہیے۔

آکسفیم نے تنازعات اور ماحولیات پر کام کرنے والے ادارے ’کانفلکٹ اینڈ انوائرمنٹ آبزرویٹری‘ کے ساتھ مل کر یہ رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق غزہ کے 99 فیصد سے زیادہ علاقے میں ممکنہ زہریلی آلودگی پائی گئی ہے، جس سے ہوا، مٹی، پانی اور خوراک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ صفائی کے نظام کی تباہی اور 6 کروڑ 10 لاکھ ٹن سے زائد خطرناک ملبے کی موجودگی سنگین ماحولیاتی نتائج پیدا کرسکتی ہے۔ اس صورت حال کو ممکنہ ماحولیاتی جنگی جرائم کے تناظر میں بھی دیکھا گیا ہے، جو غزہ میں انسانی بقا کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔