عراق میں داعش سے تعلق کے الزام میں 8 فرانسیسی شہریوں کو عمر قید کی سزا

عدالت مجموعی طور پر 20 فرانسیسی شہریوں کے مقدمات کی سماعت کر رہی ہے


ویب ڈیسک November 26, 2026

عراق کی ایک عدالت نے شدت پسند تنظیم داعش سے تعلق اور اس کی رکنیت کے الزام میں 8 فرانسیسی شہریوں کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے، جبکہ دو دیگر ملزمان کو 15، 15 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔

فرانس کے خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عراقی عدالت نے جمعرات کو 10 فرانسیسی شہریوں کے مقدمات کا فیصلہ سنایا۔ ان تمام افراد پر داعش کا رکن ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

عدالت مجموعی طور پر 20 فرانسیسی شہریوں کے مقدمات کی سماعت کر رہی ہے۔ ان میں سے 10 ملزمان کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں، جبکہ باقی 10 افراد کے خلاف فیصلہ بعد کی تاریخ تک مؤخر کردیا گیا ہے۔

یہ مقدمات ان غیر ملکی جنگجوؤں سے متعلق ہیں جن پر عراق اور شام میں داعش کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔