حکومت کا بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کا فیصلہ

حکومت نے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان پاور ڈویژن


ضیغم نقوی November 26, 2026

حکومت نے بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کا فیصلہ کرلیا جب کہ  ترجمان پاور ڈویژن  نے کہا کہ حکومت نے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تین ماہ کے لیے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے کی تجویز ہے، اکتوبر تا دسمبر فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز ہے، تین ماہ کی فیول ایڈجسٹمنٹ سے بجلی صارفین کو قیمتوں میں غیر یقینی سے تحفظ ملے گا، حکومت نے مارچ 2024 میں اقتدار سنبھالا تو بجلی کا اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے تھا۔

ترجمان پاور ڈویژن نے کہا کہ مارچ 2026 تک بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 8 روپے 76 پیسے کم کیا گیا، قومی اوسط بجلی ٹیرف 53 روپے 4 پیسے سے کم ہوکر 44 روپے 28 پیسے ہوگیا، صنعتی بجلی کا ٹیرف 62 روپے 99 پیسے سے کم ہوکر 44 روپے 50 پیسے پر آگیا،  مارچ 2024 سے مارچ 2026 تک صنعتی بجلی ٹیرف میں 18 روپے 49 پیسے کمی کی گئی، ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ترجمان پاور ڈویژن نے کہا کہ اپریل سے ستمبر 2026 تک صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے اضافی بوجھ سے بچایا گیا، اپریل تا ستمبر فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اوسط اضافہ 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا،  سردیوں میں پن بجلی کی پیداوار کم ہونے سے تھرمل بجلی پر انحصار بڑھ جاتا ہے، سردیوں کے بعض مہینوں میں پیداوار میں تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے تجاوز کرجاتا ہے، پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کا نیا فارورڈ لکنگ میکنزم تجویز کردیا ہے۔منظوری کے بعد پاور ڈویژن نیپرا کو نئے میکنزم پر پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرے گا۔