کراچی:
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے کراچی ایڈمن سوسائٹی بلڈنگ گرنے سے ہلاکتوں کے مقدمے میں 4 ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو کراچی ایڈمن سوسائٹی بلڈنگ گرنے سے ہلاکتوں کے مقدمے میں پولیس نے گرفتار 4 ملزمان کو پیش کیا۔ گرفتار ملزمان میں ٹھیکیدار کے رشتے دار شامل ہیں۔ بلڈنگ کے مالک اور ٹھیکیدار کے بجائے رشتے داروں اور دیگر لوگوں کو پیش کیا گیا۔ ملزمان میں یار محمد، افضل خان، منیر اکرم اور سعد طاہر شامل ہیں۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ گراؤنڈ پلس ون کی اجازت تھی جس پر 6 منزلیں بنائی جا رہی تھی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا فرانزک اور دیگر رپورٹس کے لیے کوئی کارروائی کی گئی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ مجھے کل رات ہی تفتیش ملی ہے، ابھی تفتیش شروع نہیں کی ہے، ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا ہے۔
وکیل صفائی نے موقف دیا کہ ہمیں یہ نہیں معلوم کہ ہمارے موکلوں کو کیوں گرفتار کرکے یہاں پیش کیا گیا ہے۔ اگر کوئی غیر قانونی کنسٹرکشن ہو رہی تھی تو ایسے میں گرفتار کرکے یہاں کیوں پیش کیا گیا۔
ملزم نے کہا کہ ہم تو بس یہاں پر کام کر رہے تھے اور ہمیں ہی گرفتار کرلیا گیا ہے، نا ہم مالک ہیں اور نا ہم ٹھیکیدار ہیں ہمیں کیوں گرفتار کیا گیا ہے۔ ہمارا بلڈنگ گرنے میں کیا کردار ہے یہ واضح کیا جائے۔ کسی کا بھائی ہونا بھی کیا جرم ہو جاتا ہے، میرا بھائی بھاگ گیا اور مجھے پکڑ لیا گیا۔
وکیل صفائی نے موقف دیا کہ مجھے آئی او بتائیں کہ انہوں نے کتنے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ جو لوگ مزدوری کر رہے تھے بس ان پر ان کا حکم چل جاتا ہے۔ وہاں مزدوری کرنے والے لوگ شہید ہوگئے ہیں لیکن میرا کیا قصور ہے میرا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ جس کا مرکزی کردار ہے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ کیا کسی ایس بی سی اے کے لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم نے کہا کہ ہمیں یہاں مالک بنا کر پیش کر دیا گیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مالک کو گرفتار کریں تو پتا چلے گا کون کون پیسے لے کر جا رہا تھا۔ ایس بی سی اے کے عہدے داران، بلڈنگ کے مالک، ٹھیکیدار کو کیوں نامزد نہیں کیا گیا ہے۔
سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ یہ ایک سنگین جرم ہے لہٰذا ریمانڈ دیا جائے، ملزمان کا ریمانڈ دیا جائے اگر کسی کے خلاف ثبوت نہیں ہوں گے تو چھوڑ دیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایس بی سی اے کے ذمہ داروں کو بھی گرفتار کیا جائے۔
عدالت نے ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل، غفلت، لاپرواہی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں گرفتار ملزمان کے علاؤہ بھی دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں مالکان، بلڈرز، کنٹریکٹر سمیت دیگر افراد کو شامل کیا گیا ہے۔