شادی کی تقریب میں عاطف اسلم اور ہنی سنگھ کی ملاقات، ویڈیوز وائرل

وائرل ویڈیوز میں عاطف اسلم اور ہنی سنگھ کو موسیقی کی دھنوں پر جھومتے دیکھا جاسکتا ہے


ویب ڈیسک November 26, 2026

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور بھارتی ریپر یو یو ہنی سنگھ کی دبئی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔ دونوں فنکار نہ صرف ایک دوسرے سے گرم جوشی سے ملے بلکہ تقریب میں پاکستانی مقبول گانوں پر رقص کرتے بھی دکھائی دیے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں عاطف اسلم اور ہنی سنگھ کو شادی کی تقریبات سے لطف اندوز ہوتے اور موسیقی کی دھنوں پر جھومتے دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں فنکاروں کی ایک ہی تقریب میں موجودگی نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی، جب کہ ان کے رقص کی ویڈیوز بھی تیزی سے شیئر کی جارہی ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

عاطف اسلم نے اپنے موسیقی کے سفر کا آغاز پاکستانی بینڈ ’جل‘ کے مرکزی گلوکار کی حیثیت سے کیا تھا۔ انہوں نے گوہر ممتاز کے ساتھ مل کر اس بینڈ کی بنیاد رکھی۔ بینڈ کا گانا ’عادت‘ ان کی ابتدائی پہچان بنا اور اسی مقبولیت کے بعد انہوں نے 2004 میں اپنا پہلا سولو البم ’جل پری‘ ریلیز کیا۔

دوسری جانب یو یو ہنی سنگھ کا اصل نام ہردیش سنگھ ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز میوزک پروڈیوسر کے طور پر کیا، تاہم بعد میں ریپر اور گلوکار کی حیثیت سے بھارت کی مقبول ترین موسیقی شخصیات میں شامل ہوگئے۔ 2011 میں ریلیز ہونے والے ان کے البم ’انٹرنیشنل ولیجر‘ نے انہیں وسیع شہرت دلائی۔ اس البم کے گانے ’براؤن رنگ‘ اور ’انگریزی بیٹ‘ بھی بے حد مقبول ہوئے۔ ہنی سنگھ پنجابی موسیقی اور ہپ ہاپ کے امتزاج کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔