جم نہ ٹریڈ مل؛ 2 کمروں کے گھر میں چہل قدمی سے وزن کم کرلیا؛ ویڈیو وائرل

امبیکا نے روزانہ گھر میں 20 ہزار قدم چلنے کی عادت اپنا کر وزن 90 کلو سے 76 کلو تک پہنچا دیا


ویب ڈیسک November 26, 2026
بھارتی فٹنس انفلوئنسر امبیکا ساگر نے گھر میں روزانہ چہل قدمی کرکے 14 کلو وزن کم کیا

جم جانے کے لیے وقت نہیں، ٹریڈ مل خریدنے کے لیے پیسے نہیں اور گھر میں جگہ بھی کم ہے تب بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ بھارتی خاتون نے اپنے دو کمروں کے فلیٹ کو ہی واکنگ ٹریک بنا کر 14 کلوگرام وزن کم کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فٹنس انفلوئنسر امبیکا ساگر نے روزانہ گھر کے اندر 20 ہزار قدم چلنے کی عادت اپنا کر اپنا وزن 90 کلوگرام سے کم کرکے 76 کلوگرام تک پہنچا دیا۔

امبیکا نے اپنی سی کامیابی کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں اپنی پرانی اور نئی تصاویر کا موازنہ دکھایا گیا تھا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

انہوں نے اپنی ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ وہی پرانی ٹی شرٹ ہے لیکن اسے پہننے والی عورت بدل چکی ہے۔ وزن میں کمی کے بعد شخصیت ہی نہیں بلکہ خود کو دیکھنے کا انداز بھی بدل گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر امبیکا ساگر نے وزن کم کرنے کے لیے نہ کسی مہنگے جم کا رخ کیا اور نہ ہی ٹریڈ مل یا کسی خصوصی مشین کی مدد لی بلکہ دستیاب جگہ میں مسلسل چلنے کو معمول بنایا۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا سہرا صرف چہل قدمی کو نہیں دیا جاسکتا۔ متوازن غذا، کیلوریز میں کمی اور روزمرہ معمولات میں مستقل تبدیلیوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

امبیکا ساگر نے مزید بتایا کہ وزن کم کرنے کے لیے بھوکا رہنا یا فوری نتائج دینے والے طریقے اپنانا ضروری نہیں بلکہ مستقل مزاجی اور اپنی کوششوں پر یقین ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔