ممبئی میں بم حملوں کی نئی دھمکی، امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جلسا بھی نشانے پر

ای میل میں دعویٰ کیا گیا کہ متعدد مقامات پر دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا ہے


ویب ڈیسک November 27, 2026

بھارتی شہر ممبئی میں جمعرات کو ایک تازہ دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ ای میل میں بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کی جوہو میں واقع رہائش گاہ ’جلسا‘، ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے کے دفتر اور شہر کے دیگر اہم مقامات کو ممکنہ حملوں کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ای میل میئر ریتو تاوڑے اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی کمشنر اشونی بھیڈے کو بھیجی گئی۔ پیغام میں ممبئی کے مختلف علاقوں، بشمول مہالکشمی اور شہر کے میٹرو نیٹ ورک پر ممکنہ حملوں سے خبردار کیا گیا ہے۔

مبینہ طور پر ای میل میں دعویٰ کیا گیا کہ متعدد مقامات پر دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا ہے، جن میں امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جلسا اور سائنس اور آچاریہ میٹرو اسٹیشن شامل ہیں۔ پیغام میں آئندہ 30 روز کے دوران ممبئی کے مختلف مقامات پر دستی بموں سے حملوں کی دھمکی بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ 27 نومبر سے 31 دسمبر کے درمیان میٹرو اسٹیشنوں پر دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈی) کے ذریعے دھماکے کرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

ای میل میں خالصتان نواز تنظیموں، جن میں خالصتان نیشنل آرمی اور ببر خالصہ کے نام شامل ہیں، کے حوالے بھی دیے گئے۔ اس کے ساتھ 1984 کے سکھ مخالف فسادات کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

یہ دھمکی 26 نومبر کو سامنے آئی، جو 2008 میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی 18ویں برسی بھی ہے۔ ان حملوں میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو اس سے قبل بھی دھمکی آمیز پیغامات میں نشانہ بنانے کا ذکر کیا جاچکا ہے۔ اکتوبر میں میئر کے دفتر کو موصول ہونے والی ایک ای میل میں بھی جلسا کا نام شامل تھا، جب کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی ممبئی کے متعدد ممکنہ اہداف کے ساتھ اداکار کی رہائش گاہ کا ذکر کیا گیا تھا۔

گزشتہ دھمکیوں کے بعد جلسا کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔ امیتابھ بچن اپنے معمول کے مطابق اتوار کو مداحوں سے ملاقات کے لیے باہر آتے رہے، تاہم اضافی سکیورٹی کے ساتھ بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے مداحوں کو ہاتھ ہلا کر خوش آمدید کہتے دکھائی دیے۔

تازہ دھمکی کے بعد شہر کے اہم مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ حکام ای میل کی تحقیقات کررہے ہیں اور اس میں کیے گئے دعووں کی تصدیق کی جارہی ہے۔ دوسری جانب امیتابھ بچن ٹیلی وژن کے مقبول کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔