شیخ حسینہ کی واپسی؛ امریکی عہدیدار کی بنگلا دیش کی حکومت کو کھلی دھمکی

بنگلا دیشی وزیر خارجہ شاما عبید اسلام نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ کو واپسی پر گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جائے گا


ویب ڈیسک November 27, 2026

بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی بھارت سے وطن واپسی کے اعلان کے بعد امریکا کے سابق محکمہ دفاع کے عہدیدار مائیکل روبن نے ڈھاکا حکومت کو خبردار کیا ہے کہ واپسی پر شیخ حسینہ کو کوئی نقصان پہنچا تو وزیراعظم طارق رحمان اور ان کی حکومت کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکل روبن نے نیویارک میں بنگلا دیش کے مستقبل سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر شیخ حسینہ کے سر کا ایک بال بھی بیکا ہوا تو اس کی مکمل ذمہ داری بنگلا دیشی حکومت پر عائد ہوگی۔

انھوں نے امریکی سفیر اور دیگر ممالک کے سفارت کاروں پر بھی زور دیا کہ وہ ڈھاکا کو یہی پیغام پہنچائیں۔ روبن نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ بنگلا دیشی حکام کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہ کرے اور شیخ حسینہ کی حمایت جاری رکھے۔

یاد رہے کہ حسینہ واجد نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ 16 دسمبر کو اپنے وطن بنگلا دیش واپس جائیں گی۔

شیخ حسینہ واجد 2024 میں طلبا کی قیادت میں ہونے والی عوامی تحریک کے بعد ملک چھوڑ کر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔

دوسری جانب بنگلا دیشی وزیر خارجہ شاما عبید اسلام نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ کو واپسی پر گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جائے گا کیونکہ انھیں سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ واجد کو واپس لانے کے لیے بھارت سے طیارے کی فراہمی پر کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔