اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے امریکا جانے کی خواہش مند گولڈ میڈلسٹ اسلام آباد کے ساتھ فراڈ کرنے والے فراڈی ایجنٹ کو گرفتار کرکے 21 لاکھ روپے برآمد کر کیے گئے مگر اس فراڈی کی مذموم حرکت سے جان گنوانے والی ہونہار طالبہ کبھی واپس نہیں آئے گی۔
یہ پہلا موقعہ نہیں بلکہ عشروں سے ملک سے باہر جانے والوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے اور متعلقہ سرکاری اداروں کو تب ہوش آتا ہے جب ملک میں اپنے مستقبل سے مایوس غیر قانونی افراد کے بیرونی ممالک کے سمندروں میں ڈوبے جانے کی خبریں منظر عام پر آتی ہیں جس کے بعد متعلقہ محکمہ حرکت میں آ کر ملک بھر میں پھیلے ان فراڈی ایجنٹوں کا تعاقب شروع کرتا ہے تو کچھ گرفتاریاں ضرور عمل میں آ جاتی ہیں بعد میں یہ فراڈی ایجنٹوں کے انجام کا تو پتا نہیں چلتا جو عدالتوں سے ضمانت لے کر پھر نئے شکار کو تلاش کرنا شروع کر دیتے ہیں مگر ان کی وجہ سے جو لوگ سمندروں میں ڈوب جاتے ہیں وہ واپس نہیں آتے بلکہ غیر قانونی طور اپنا ملک چھوڑ کر اپنی جانیں ضایع کرنے والے اپنے ورثا کے مسائل کو مزید بڑھا کر ضرور پریشان کر جاتے ہیں۔
اپنے اچھے مستقبل کے لیے ملک چھوڑ کر جانے والوں کا جواز تو سمجھ میں آتا ہے کہ جس ملک میں غربت بڑھ چکی ہو اور غریب انتہائی سطح پر غربت آ جانے پر ملک سے باہر قانونی یا غیر قانونی طور پر جانے پر حکومت کی بے حسی، بدتر حالات سے مایوس افراد باہر جانے کو ترجیح دینے پر مجبور کر چکے ہیں جو ملک سے باہر جانے کی مالی طاقت نہیں رکھتے وہ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں اور اب تو بیماری، بے روزگاری، غربت کا شکار فاقہ کشی کی نوبت آ جانے پر اجتماعی خودکشیاں کرنے لگے ہیں جس کی ایک بڑی مثال احسن آباد کراچی میں 5 افراد پر مشتمل خودکشی کا سانحہ تھا اور خوددار شدید بیمار ڈاکٹر عمر نے کراچی میں کسی مفت کھانا کھلانے والے ادارے کا احسان لینے کی بجائے اجتماعی خودکشی کر لی تھی جب کہ مہنگائی، بے روزگاری، بیماری کے باعث خواتین ہوں یا زندگی سے مایوس مرد کوئی نہروں، کنوؤں میں جا کر ڈوب رہے ہیں کوئی ٹرین کے آگے آ کر جان دے رہا ہے۔
جن کی وجوہات میڈیا میں مسلسل آ رہی ہیں مگر بے حس حکمرانوں اور ان کی حکومتوں کو رتی برابر فکر نہیں۔ نجی اسکول کسی شکستہ عمارتوں میں قائم ہیں یا سرکاری اسکولوں کی کیا بدتر حالت ہے وہاں کسی سرکاری محکمے کی توجہ نہیں۔ لاہور اور پشاور کے نجی شکستہ مالی اسکولوں کی چھتیں گرنے سے جب بڑی تعداد میں بچے ہلاک ہو جاتے ہیں تو حکمران اپنے تعزیتی بیانات دے کر یا کچھ مالی امداد دے کر اپنی ذمے داری پوری کر دیتے ہیں انھیں دکھ اور احساس جانی نقصانات کے بعد ہوتا ہے پہلے نہیں وہ کسی سانحہ کے بعد ہی جاگتے ہیں۔
ہر سانحے کے بعد حکومتی اداروں کی بھاگ دوڑ شروع ہو جاتی ہے، آنیاں جانیاں شروع ہو جاتی ہیں اور لگتا ہے اس ملک میں ایسا ہی چلتا رہے گا اور ایک کے بعد دوسرا سانحہ ہوتا رہے گا اگر ملک میں ایسے سانحے کے بعد متعلقہ افسران کو سزا دیں تو دوبارہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا ورنہ یہ سلسلہ چلتا ہی رہے گا۔
کراچی ملک کا واحد اور سب سے بڑا شہر ہے کہ جہاں انسانی خون ناحق سالوں سے بہتا آ رہا ہے مگر حکومتی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی جہاں بے رحم ڈاکو بے گناہ کو لوٹ کر بھی جان سے مار رہے ہیں۔ شہر میں کھلے گٹر بچوں بڑوں کی جانیں لے رہے ہیں ،باقی کسر شہر کے کتوں نے پوری کر دی اور سگ گزیدگی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔
شہری اپنے گھروں میں محفوظ ہیں نہ گلیوں میں جب کہ ٹریفک حادثات روز کا معمول بن چکے مگر فرق یہ ہے کہ وی آئی پیز مکمل محفوظ ہیں کیونکہ انھیں سرکاری پروٹوکول حاصل ہے اور لاوارث عام شہریوں کی جانوں کو حکومت اہم نہیں سمجھتی۔ روز خون ناحق ضایع ہو رہا ہے جس سے بچے محفوظ ہیں نہ بزرگ و معذور افراد۔ روز میڈیا ایسی خبروں سے بھرا پڑا ہے مگر متعلقہ محکموں کی بے حسی ختم ہو رہی ہے نہ حکومت کچھ کر رہی ہے جو ہر سانحے کے بعد ضرور جاگ جاتی ہے اور پورے ملک میں یہی بے حسی اور خون ناحق کا ضیاع نہیں رک رہا شاید حکومت کے نزدیک ملکی آبادی اسی طرح کم ہوتی رہے گی۔