نئے صوبے اور ایڈمنسٹریٹو یونٹس

یہ سیاسی قوتیں نئے صوبے بنانے کے عمل کو نوشتہ دیوار سمجھ چکی ہیں، اس لیے یہ مستقبل کے انتظامی ڈھانچے میں اپنے لیے بہترین حصہ پانے کے لیے سرگرم نظر آتی ہیں


مزمل سہروردی November 27, 2026
[email protected]

آج کل نئے صوبوں اور ایڈمنسٹریٹو یونٹس پر خوب سیاست ہو رہی ہے۔ ہر طرف نئے صوبوں پر بحث ہو رہی ہے۔بحث بحث میں لڑائیاں بھی ہو رہی ہیں۔ اپوزیشن نے تو نئے صوبوں اور نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس پر ابھی کوئی موقف نہیں دیا ہے۔

ویسے تو حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا بھی کوئی باقاعدہ آفیشل موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ لیکن تحریک انصاف نے بھی کوئی باقاعدہ موقف نہیں دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کا موقف سامنے ہے۔ ایم کیو ایم کا موقف سامنے ہے۔ دیگر چھوٹی جماعتوں مثلاً (ق) لیگ کا موقف ہمارے سامنے ہے۔ وفاقی وزیر علیم خان کی جماعت آئی پی پی کا موقف بھی ہمارے سامنے ہے۔

 صوبوں پر جاری بحث کے دو بنیادی نکات منظر عام پر آئے ہیں۔ ایک یہ کہ نئے صوبے بنانے اور نظام میں بہتری کے لیے عوامی رائے یعنی ریفرنڈم ضروری ہے یا اس کا فیصلہ موجودہ اسمبلیوں میں بیٹھے نمائندگان نے کرنا ہے۔ اس بحث کا آغاز وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے کچھ ہم خیال کاروباری دوستوں کے ساتھ سیمینار میں کیا ہے۔ لیکن ساتھ ساتھ یہ تاثر بھی سامنے آیا ہے کہ اس بحث کو اسٹبلشمنٹ کی ایک غیر علانیہ حمائت حاصل ہے۔ لیکن جیسے ن لیگ اورتحریک انصاف کا کوئی باقاعدہ موقف ہمارے سامنے نہیں ہے۔ اسی طرح اسٹبلشمنٹ کا بھی کوئی باقاعدہ موقف ہمارے سامنے نہیں ہے۔ وہ بھی خاموش ہیں۔لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ملکی معاملات پر ایک گہری نظر رکھتی ہے۔

ان کے نزدیک ملک میں جاری دہشت گردی کا سب سے بڑا محرک ناقص گورننس ہے۔اب ناقص گورننس کو بہتر بنانے کا ایک فارمولہ نئے صوبے یا نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے طور پر سامنے آیا ہے۔دہشت گردی کے خاتمے اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے ناقص گورننس کے نظام کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔ کرپشن اور مہنگائی کے خاتمہ کے لیے بھی ناقص گورننس کے نظام کو ختم کرنا ہوگا۔ یہ تو سب مانتے ہیں کہ موجودہ سسٹم عوام کی خدمت کرنے میں ناکام ہے۔ اس میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ اصلاحات پر اتفاق کے باوجود اختلاف سامنے ہے۔

اس اقرار کے باوجود کہ نظام میں خرابیاں ہیں، ان کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔لیکن پھر بھی اختلاف موجود ہے۔جو اختلاف کر رہے ہیں وہ کوئی نئی تجاویز بھی نہیں دے رہے ہیں۔ جو نئے صوبوں کی مخالفت کر رہے ہیں‘ وہ یہ نہیں بتا رہے کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کے لیے کیا کیا جائے۔ پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری جمہوری ری سیٹ کی بات تو کرتے ہیں لیکن اس ضمن میں انھوں نے کوئی جوابی روڈ میپ عوام کے سامنے نہیں رکھا ہے۔ نئے صوبوں اور ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے حامیوں کے پاس کوئی جوابی حل موجود نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے ایسا لگ رہا ہے کہ مخالفت برائے مخالفت ہے۔ یہ تاثر بھی بن رہا ہے کہ اس سلسلے میں چند سیاسی عناصر صورتِ حال کو بہتر کرنے کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کا تحفظ کرتے نظر آرہے ہیں۔

ان مفادات کی تکمیل کے لیے ان عناصر نے وقتاً فوقتاً موقع پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی امنگوں کو پسِ پشت ڈالا۔عوامی مفاد اور سیاسی مفاد کے ٹکراؤ کا تاثر بھی سامنے ہے۔ اگر ایک لمحہ کے لیے مان بھی لیا جائے کہ نئے صوبوں اور نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے فارمولہ کو مقتدرہ کی حمائت حاصل ہے۔ ہم مان لیتے ہیں کہ مقتدرہ عوامی مسائل کا حل نئے صوبوںکے قیام میں سمجھتی ہے۔ اس تاثر کو حقیقت مان لیا جاتا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ اوران کے کاروباری دوستوں کو اسٹبلشمنٹ کی حمائت حاصل ہے۔ پھر بھی اس میں اسٹبلشمنٹ کا کوئی سیاسی مفاد سامنے نہیں آرہا ہے۔ اس کے برعکس اسٹبلشمنٹ کا نقطہ نظر یہ ہے کہ عوامی فلاح و بہبود سے جڑے تمام معاملات کے حل کے لیے رائے عامہ ناگزیر ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ امن و امان کی بہتری اور دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے بہتر گورننس ماڈل ضروری ہے۔ معاشی بہتری کے لیے بہتر گورننس ماڈل ناگزیر ہے۔

 یہاں یہ امر بھی قابل غور ہے کہ ابھی معاملہ پارلیمنٹ میں نہیں آیا ہے۔ ابھی حکومت نے بھی اس فارمولہ کی حمائت یا مخالفت کے بارے میں کوئی واضح موقف نہیں لیا ہے۔ صرف عوام اور میڈیا میں ایک بحث ہو رہی ہے۔ لیکن بدقسمتی سے کچھ سیاسی عناصر پارلیمانی سیاست کی آڑ میں عوامی رائے کو صرفِ نظر کرتے ہیں،وہ عوامی بحث کی بھی مخالفت کر رہے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ صرف انھیں بات کرنے کا حق حاصل ہے باقی عوام کو بات کرنے اور رائے دینے کا کوئی حق نہیں۔ کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ رائے عامہ کو اہمیت دینے سے ان کی حکومتی کارکردگی زیرِ احتساب آ جائے گی جس سے ان کے سیاسی اثر و رسوخ کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

 یہ عوامی بحث اب اس نہج پر پہنچ گئی ہے۔ کہ اس سے نظر چرانے کا وقت گزر گیا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاست دان عوامی رائے کی اہمیت سے نظریں نہ چرائیں اور اپنی رائے کو رائے عامہ پر مقدم نہ سمجھیں۔ اس لیے ریفرنڈم کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ ذاتی مفادات کی تکمیل کے لیے مجوزہ ریفرنڈم کی مخالفت کی بجائے اس کے خدوخال پر اپنی تجاویز سامنے لائیں۔ ریفرنڈم عوام کی رائے جاننے کا واحد آئینی راستہ ہے۔

میں سمجھتا ہوں کسی بھی نظام کی تبدیلی کے لیے سیاسی قوتوں کی رائے اہم ہوتی ہے۔ اس لیے ہم یہ توقع رکھتے ہیں کہ مخالفت برائے مخالفت کے برعکس سیاست دان اس دیرینہ عوامی معاملے کو اپنے ذاتی مفادات کی بجائے قومی مفادات کے تناظر میں دیکھیں گے۔ یہاں یہ امر بھی قابلِ تشویش ہے کہ جب بھی سیاست دانوں سے موجودہ نظام میں بہتری کے لیے ٹھوس تجاویز کا تقاضا کیا جاتا ہے تو ان کے پاس عوام کو درپیش مسائل کا کوئی حل سامنے نہیں آتا، بلکہ وہ ان معاملات کو اپنے سیاسی داؤ پیچ اور بیانیہ کی نذر کر دیتے ہیں۔یہ معاملہ بھی سیاسی چالوں کی نذر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق نئے صوبوں پر جاری بحث اس وقت ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں تمام سیاسی قوتیں اپنے اپنے سیاسی مفادات کے تناظر میں Bargaining میں مصروف ہیں۔ یہ سیاسی قوتیں نئے صوبے بنانے کے عمل کو نوشتہ دیوار سمجھ چکی ہیں، اس لیے یہ مستقبل کے انتظامی ڈھانچے میں اپنے لیے بہترین حصہ پانے کے لیے سرگرم نظر آتی ہیں۔تا ہم یہ کہا جا سکتا ہے کہ ریفرنڈم اب نوشتہ دیوار ہے۔ اس سے انکار اور بھاگنا مشکل نظرآرہا ہے۔  اس بحث کے تناظر میں اٹھائے جانے والے آئینی سوالات نہ صرف قبل از وقت ہیں بلکہ مفروضوں پر مشتمل ہیں۔ جب تک ریفرنڈم کے ذریعے رائے عامہ منظرِ عام پر نہیں آتی اس وقت تک مستقبل کے انتظامی ڈھانچے اور اس سے جڑے آئینی طریقہ کار پر کسی قسم کی بحث لاحاصل ہے۔