بغیر خوبی و خدمت بشر اچھے نہیں لگتے

دکھی انسانیت کی اِسی عالمی اور فلاحی خدمت کو مزید بڑھانے کے لیے اسلام آباد میں جس نئے المصطفیٰ ویلفیئر آئی ٹرسٹ اسپتال کی اساس رکھی جارہی ہے


تنویر قیصر شاہد November 27, 2026
[email protected]

مملکتِ خداداد ، پاکستان، کے معرضِ عمل میں لاتے وقت یہ اعلانات کیے جاتے تھے کہ یہ نیا ملک ’’فلاحی مملکت‘‘(Welfare State) ہوگی ۔ آٹھ عشرے گزر چکے ہیں ، مگر سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا پاکستان ایک فلاحی ریاست یا ویلفیئر اسٹیٹ بن سکی ؟ راقم نے عالمِ مغرب کی کئی ویلفیئر اسٹیٹس یا فلاحی ریاستیں اپنی آنکھوں سے دیکھ رکھی ہیں ۔ اپنے ذاتی تجربات و مشاہدات کی رُو سے تو کہا جا سکتا ہے کہ ہم اپنے وطنِ عزیز کو ، فی الحال، ایک فلاحی ریاست سے معنون نہیں کر سکتے ۔ اُس مبینہ و موعودہ فلاحی ریاستِ پاکستان میں حکومت اور حکمرانوں کو، دراصل، غریبوں ، ضرورتمندوں، مستحقین اور کم مایا شہریوں کی دستگیری کرنا تھی ۔ پچھلے 8عشروں کے دوران مگر ہمارا کوئی حکمران، ہماری کوئی مقتدر سیاسی جماعت اور ہماری کوئی حکومت پاکستان کو عملی فلاحی ریاست کی شکل دینے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔بے نوا، غریب اور بیمار پاکستانیوں کی مطلوبہ شنوائی نہیں ہو سکی ۔

حاکموں، سرکاری اشرافیہ اور اقتدار کے زریں سنگھاسن پربراجمان لوگوں کے علاج معالجے ( ریاستی خرچ پر)بیرونِ ملک میں کروانے کی تو لاتعداد مثالیں ہمارے پاس ہیں ، مگر تنگدست اور بے سہارا شہریوں کا مکمل دوا دارُو کرنے سے دانستہ اعراض اور غفلت برتی گئی ہے ۔ ایسے لق و دَق ماحول میں اگر کوئی خدا کا مخیّر بندہ ، کوئی خدا ترس ادارہ یا این جی او بیماروں کو دوا ، بھوکوں کو روٹی اور بے چھتوں کو گھر فراہم کرنے کی سعی و کوشش کرتا ہے تو اس کی تعریف و تحسین کرنا بنتا ہے ۔ ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ ایسی ہی عالمی شہرت یافتہ این جی او یا اداروں میں شمار ہوتا ہے ۔

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کا صدر دفتر تو لندن (برطانیہ) میں ہے ، مگر اِس عالمی شہرت یافتہ فلاحی ادارے یا این جی او نے پاکستان میں بھی کئی قابلِ تحسین فلاحی خدمات انجام دی ہیں اور مسلسل دے رہے ہیں۔ اِس ادارے کے چیئرمین جناب عبدالرزاق ساجد ہیں ۔ جب بھی پاکستان میں سیلابوں نے لاچاروں کو بے گھر اور نان و نفقہ سے محروم کیا، AMWTکے وابستگان ، اپنی استعداد کے مطابق، سیلاب زدگان کو خوراک فراہم کرنے پہنچے ، مریضوں کو ادویات بھی دیں اور بے گھر ہونے والوں کو ممکنہ چھت بھی دینے کی اپنی سی کوششیں کیں ۔ خاموش طبع اور کم سخن عبدالرزاق ساجد صاحب آج کل لندن سے پاکستان آئے ہُوئے ہیں اور ہر روز کسی نہ کسی نئی فلاحی انسانی مہم میں جُتے دکھائی دے رہے ہیں ۔

مثال کے طور پر رواں ماہ کے دوران اُنھوں نے اپنے ادارے کے تحت غریب اور مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروائی ہیں اور سارے اخراجات خود برداشت کیے ہیں۔ رواں مہینے کے وسط میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام لاہور کے گورنر ہاؤس میں اجتماعی شادیاں کروائی گئیں۔ اس شاندار اور قابلِ تحسین تقریب( جس میں 25غریب جوڑے شادی کے خوبصورت بندھن میں بندھے) میں پنجاب کے گورنر ، جناب سردار سلیم حیدر خان ، نے فیاضی سے میزبان کا کردار ادا کیا ۔ اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے بہت سی اہم شخصیات نے اس تقریب میں حصہ لیا۔ڈھائی درجن غریب جوڑوں کے جہیز اور بارات کے کھانے کا جملہ بندوبستAMWTنے کیا ۔ اور بھلا ہو پنجاب کے لاٹ صاحب کا جنھوں نے میزبانی بھی کی ، مذکورہ این جی او کی فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا، بلکہ مزید فیاضی کا اظہار کرتے ہُوئے اعلان کیا کہ مَیں اپنے حلقے (فتح جنگ) میں ’’المصطفیٰ ویلفیئر آئی اسپتال‘‘ کے لیے مفت زمین بھی فراہم کروں گا ۔

 لاہور کے گورنر ہاؤس کے بعد ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کے زیر اہتمام ہی ، 25نومبر 2026 ، کو لاہور کے نزدیکی معروف شہر ’’کامونکی‘‘میں 63غریب جوڑوں کی اجتماعی شادی کروائی گئی ۔عبدالرزاق ساجد صاحب نے مجھے بتایا :’’ہم نے لاہور اور کامونکی میں اجتماعی شادیوں کے تمام اخراجات خود برداشت کیے ہیں اور ساتھ ہی ہر جوڑے کی نقد خدمت بھی کی ہے ۔ ‘‘ انھوں نے رنج اور تاسف سے کہا:’’ غربت ، تنگدستی اور بے پناہ مہنگائی کے کارن پاکستان بھر میں ، ہمارے حاصل کردہ ڈیٹا کے مطابق ، شادی کی عمر کو پہنچنے والی غریب بچیوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہیں ۔مگر تنگدست والدین اُن بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنے سے قاصر ہیں ۔

ایسے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ ہمت اور توفیق بخشی ہے کہ ہم اپنی استعداد اور گنجائش کے مطابق اِن بچیوں کی خدمت کر سکیں۔ سب مستحق بیٹیوں کی خدمت کرنا شائد ہمارے بھی بس میں نہیں ہے ۔‘‘راقم کو ذاتی حیثیت میں معلوم ہے کہ گورنر پنجاب ، سردار سلیم حیدر صاحب بھی، اپنے حلقے میں غریبوں اور مستحقین کی اجتماعی شادیاں کروانے کا پُر تحسین عمل انجام دے رہے ہیں ۔ ایسے میں اُن کی جانب سے المصطفیٰ آئی اسپتال کے لیے پلاٹ دینے کا جو اعلان کیا گیا ہے ، یہ نیکی بھی کارِ خیر کے طور پر اُن کے اعمال میں لکھی جائے گی ۔

ویسے آئی اسپتال اور آنکھوں کے غریب اور مستحق مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے ہی کے میدان میں’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘نے تخصص حاصل کیا ہے۔اُن کی ویب سائیٹ ہمیں بتاتی ہے کہ یہ ادارہ اب تک، صرف پاکستان میں، امراضِ چشم کے 3لاکھ سے زائد غریب اور نادار پاکستانیوں کی مفت خدمت کر چکا ہے ۔ خاص طور پر سفید موتئے کے مفت کامیاب آپریشن۔ بِلا شبہ یہ ایک غیر معمولی خدمت ہے اور اِسے ہی تخصص کہا جاسکتا ہے ۔ لاہور میں ، مزنگ روڈ پر، المصطفیٰ آئی ٹرسٹ اسپتال شب وروز مستحقین کی دستگیری کررہا ہے ۔

اِسی میدان میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر سرپرستی تین اسپتال زیر تعمیر ہیں ۔ آزاد کشمیر میں بھی ایک جدید اسپتال کی بنیادیں استوار کر دی گئی ہیں ۔ اور اب پاکستان کے وفاقی دارالحکومت، اسلام آباد، میں بھیAMWTکے زیر نگرانی ایک نئے اور جدید ترین آئی اسپتال کی بنیادیں رکھی جارہی ہیں ۔ اِسی ادارے کے تحت ہر نئے سال کے آغاز میں ملک بھر میں ، وقفے وقفے سے، مفت آئی کیمپس لگائے جاتے ہیں۔ اِن کیمپس میں وطنِ عزیز کے ماہرینِ امراضِ چشم کی خصوصی خدمات حاصل کی جاتی ہیں ۔ مستحقین کا ہاتھ تھاما جاتا ہے تاکہ وہ اپنی مدہم ہوتی آنکھوں میں نیا نُور حاصل کر سکیں اور نئی توانائی کے ساتھ اپنی آنکھوں سے دُنیا کی رنگا رنگی ملاحظہ کر سکیں ۔

 یوں تو مذکورہ این جی او ،اِسی میدان میں، بنگلہ دیش، میانمار ، مغربی کنارہ، غزہ اور کئی غریب افریقی ممالک میں بھی خدمات انجام دے رہا ہے ، مگر آنکھوں کے امراض کے حوالے سے جدید ترین اسپتال بنانا پاکستان کے ہی حصے میں آیا ہے۔ اِس کی بڑی وجہ شائد یہ ہے کہ مذکورہ ادارے کے سربراہ ، جناب عبدالرزاق ساجد ، کا خاندانی و تعلیمی تعلق پاکستان ( پنجاب) سے ہے ۔ اور شدید ضرورتوں کے موسم میں انسان اپنی جنم بھومی اور اپنے ہموطنوں کو کیسے اور کیونکر فراموش کر سکتا ہے ؟ ویسے بھی کہا جاتا ہے :نیکی کا آغاز اپنے اقربا سے کرنا چاہیے؛چنانچہ آج جب ایک آنکھ کے عام سے آپریشن پر، کم از کم، 20سے25ہزار روپے کے اخراجات اُٹھ رہے ہیں ، اگر کوئی مخیر مرضِ چشم میں مبتلاکسی غریب کا علاج کروا دے تو اس سے بڑی اور کیا نیکی ہو سکتی ہے؟

دکھی انسانیت کی اِسی عالمی اور فلاحی خدمت کو مزید بڑھانے کے لیے اسلام آباد میں جس نئے المصطفیٰ ویلفیئر آئی ٹرسٹ اسپتال کی اساس رکھی جارہی ہے ، کل28نومبر2026ء کو ، اِسی تناظر میں، وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ مذکورہ این جی او کے چیئرمین ، جناب عبدالرزاق ساجد، شرکت کنندگان اور متعلقہ ماہرین کے سامنے اپنے اِس پراجیکٹ کی تفصیلات پیش بھی کریں گے اور تعاون کے خواستگار بھی ہوں گے ۔

ادارہ مذکور کے منتظمین نے مجھے اِس حوالے سے جو کلرڈ لٹریچر بھیجا ہے ، اِس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں وقوع پذیر ہونے والے اِس جدید اور فلاحی آئی اسپتال کی تعمیرو استواری پر کم از کم 1.8ملین برطانوی پونڈز کے اخراجات آئیں گے۔ یہ state of the art  welfare drivenپراجیکٹ ہوگا ۔ اِس اسپتال کا نقشہ ، رقبہ اور شعبے بھی ، بروشر میں ، متعارف کروائے گئے ہیں۔ خدمت و فلاحِ انسانیت کے اِس شجر کو مزید بار آور ہونا چاہیے ۔ سلطان شاکر ہاشمی نے کہا تھا: بغیر خوبی و خدمت بشر اچھے نہیں لگتے/ نہ جن میں پھول پھل ہوں وہ شجر اچھے نہیں لگتے!